باغ جناح میں سٹیٹ آف دی آرٹ پبلک لائبریری قائم،کمشنر جہانگیر انور ،ڈی سی ندیم ناصر نے افتتاح کیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ضلعی انتظا میہ کے زیراہتمام باغ جناح میں سٹیٹ آف دی آرٹ پبلک لائبریری قائم کردی گئی ہے۔ کمشنرراجہ جہانگیر انور اور ڈپٹی کمشنرکیپٹن (ر) ندیم ناصر نے پرشکوہ پبلک لائبریری کا افتتاح کیا اور اپنی نوعیت کی مثالی لائبریری کے مختلف حصے،بیٹھنے کے انتظامات اور کتب دیکھیں۔کمشنر نے شاندار لائبریری کے قیام پر ڈپٹی کمشنر کو شاباش دی اور کہا کہ نوجوانوں کو کتب بینی کے لئے باغ کے وسط میں پھولوں کی خوشبو،درختوں کے درمیان لائبریری کا قیام احسن اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کے ڈیجیٹل دور کے باوجود کتابیں پڑھنے کا شوق ماند نہیں پڑا اور ضلعی انتظامیہ شہر کے دیگر پارکس میں بھی اسی طرز کی جدید لائبریریز قائم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ باغ جناح میں قائم لائبریری روایتی کتب خانوں سے منفرد، جدید ڈیزائن اور قدرتی ماحول کا حسین امتزاج ہے۔لائبریری کے اندر بیٹھ کر مطالعہ کرنے سے باغ میں بیٹھنے کا احساس ہوگا اور شہریوں کو پرسکون اور متاثر کن ماحول میسر آئے گا۔کمشنر نے کہا کہ لائبریری باغ جناح کی مجموعی خوبصورتی میں نمایاں اضافہ کرے گی۔انہوں نے کہا کہ کتاب دوستی کے فروغ اور نئی نسل کو مطالعہ کی جانب راغب کرنے کے لئے موثر اقدامات جاری رہیں گے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ لائبریری کے لئے ممبرشپ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے عزم کو دہرایا کہ شہر کے دیگر پارکس میں بھی اسی نوعیت کے اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں ترقیاتی منصوبوں پرتیز رفتار کام جاری ہے اور آنے والے دنوں میں نمایاں تبدیلی نظر آئے گی۔قبل ازیں کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے لائبریری میں دستیاب کتب کا مطالعہ بھی کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں