وجیہہ قمر سے قازقستان کے سفیر کی ملاقات

اسلام آباد(بیوروچیف)وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت وجیہہ قمر سے منگل کوپاکستان میں قازقستان کے سفیر یرژان کستافین نے ملاقات کی جس میں تعلیم کے شعبے میں دوطرفہ تعاون اور شراکت داری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں تعلیمی ترقی کیلئے مشترکہ مہارت، علمی تبادلے اور ادارہ جاتی روابط کے ذریعے پاکستان میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے پر زور دیا گیا۔دونوں فریقین نے اختراعات، استعداد کار میں اضافے اور عالمی تعلیمی روابط کے فروغ کیلئے دیرپا شراکت قائم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔گفتگو کے دوران پاکستان اور قازقستان کے درمیان تعلیم کے شعبے میں مجوزہ مفاہمتی یادداشت پرپیشرفت اور قازقستان کے صدر کے آئندہ دورہ پاکستان کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ متوقع ایم او یو کے تحت طلبہ و اساتذہ کے تبادلے، مشترکہ تحقیقی منصوبوں اور دونوں ممالک کے تعلیمی اداروں کے مابین تعاون کی راہ ہموار ہونے کی توقع ہے۔وجیہہ قمر نے کہا کہ بین الاقوامی شراکت داریاں پاکستان کے تعلیمی نظام کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں جبکہ حکومت عالمی تعلیمی نیٹ ورکس کے فروغ کے لئے پرعزم ہے۔ سفیر یرژان کستافین نے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے باہمی مفاد کے لئے قریبی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔یہ ملاقات پاکستان اور قازقستان کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور تعلیم و انسانی وسائل کی ترقی کے مشترکہ اہداف کے حصول کی جانب ایک اہم پیشرفت قرار دی جا رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں