ملکی بقاء و سلامتی کیلئے ہمیں اختلافات بھلا کر یکجان ہونے کی ضرورت ہے ،عبدالرشید حجازی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ملکی بقا وسلامتی اور استحکام کیلئے ہمیں تمام تر اختلافات کو پس پشت ڈال کر متحد و متفق ہو کر یکجان ہونے کی ضرورت ہے امریکہ اور اس کے حواری ایک دفعہ پھر دنیا کو جنگ میں دھکیلنے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے مرکزی ناظم اعلی علامہ عبدالرشید حجازی نے جامعہ مسجد الیعقوب اہل حدیث گلستان روڈ عوامی کالونی میں استقبالیہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا ۔ انکا کہنا تھا کہ ملک کے معاشی و معاشرتی ، سیاسی وسماجی مسائل کا حل قرآن وحدیث کی سنہری اصولوں کو اپنانے میں ہے ۔ کلمہ طیبہ کی بنیاد پر بننے والے ملک میں قرآن وسنت کا نفاذ ہی ترقی کا ضامن ہے ۔ پاک فوج کو ازلی دشمن بھارت کو ذلت آمیز شکست دینے پر مرکزی جمعیت اہلحدیث انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے ۔ پاک سعودیہ تعلقات میں مضبوطی پوری دنیا کے لئے نیک شگون ہے پاکستان ، سعودی عرب کو دنیا بھر کے مسلم ممالک کی لیڈ کرتے ہوئے مسلم بلاک تشکیل دینا چاہیے تاکہ تمام مسلمانوں کے حقوق و تحفظ کا دفاع کیا جا سکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عقیدہ توحید اپنائے بغیر انسان کی نجات نا ممکن ہے ۔ ہمیں سب سے پہلے توحید اور سنت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ اپنے اپنے تعلق کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے ۔ میزبان تقریب پروفیسر ڈاکٹر حافظ طاہر محمود نے الیعقوب فیملی کی طرف سے مرکزی ناظم اعلی اور دیگر مرکزی جمعیت اہلحدیث و اہلحدیث یوتھ فورس کے ذمہ داران و کارکنان کا شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر ضلعی ناظم قاری محمد ارشد ، خالد محمود اعظم آبادی ، مولانا عبیدالرحمن اثری ، شیخ نثار احمد ، شیخ مقصود احمد ، احسان الحق ، محمد عمران سلفی ، محمد ادریس یزدانی ، مرزا ذیشان ، حافظ منظور الہی ، حافظ محمد یونس ربانی ، قاری محمد مشتاق و دیگر بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں