وزیراعلیٰ کے ویژن کے مطابق فیصل آباد سمیت صوبہ بھر میں مین ہولز کی میپنگ کا فیصلہ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق فیصل آباد سمیت صوبہ بھر میں پہلی مرتبہ مین ہولز کی میپنگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت سیوریج اور بارشی پانی کے ہر مین ہول کی جیو ٹیگنگ کی جائے گی یعنی ہر مین ہول کا درست منفرد شناختی نمبر، موجودہ حالت ، ڈھکن کی نوعیت اور تصاویر ڈیجیٹل طور پر محفوظ کی جائیں گی جس کے بعد یہ معلومات ایک مرکزی ڈیجیٹل ڈیش بورڈ سے منسلک ہوں گی، جس کے ذریعے فوری نگرانی، بروقت کارروائی، ڈھکن چوری کی روک تھام اور بہتر سیوریج مینجمنٹ ممکن ہو سکے گی۔ اس حوالے سے مینجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے بتایا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق اور ڈائریکٹر جنرل واسا پنجاب طیب فرید کی ہدایت پر اس پراجیکٹ پر جلد کام شروع کیا جارہا ہے اور اس تاریخی منصوبہ سے عوامی تحفظ کو بہتر بنانے ، شواہد پر مبنی منصوبہ بندی کو فروغ دینے اور شہری انفراسٹرکچر کو جدید بنانے کی کاوشوں کو فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ پراجیکٹ جی آئی ایس ٹولز کے ذریعے بغیر کسی اضافی مالی بوجھ کے مکمل کیا جائے گا جس کے لئے واسا کی فیلڈ ٹیموں کو ہدایات جاری کی جارہی ہیں ۔ ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ یہ پراجیکٹ محفوظ شہروں، اسمارٹ انفراسٹرکچر اور ڈیجیٹل واٹر و سینیٹیشن نظام کی جانب ایک مضبوط پیش رفت ثابت ہو گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں