حضرت امام حسین اسوہ رسول ۖکی عملی تصویر تھے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر دائمی عزتیں اور کامیابیاں حاصل کی جا سکتی ہے۔ حکومت امام عالی مقام رضی اللہ عنہ کی زندگی کے واقعات کو تعلیمی نصاب کا حصہ بنائے۔ آپ رضی اللہ عنہ نے اپنی اور اپنے خاندان کی قربانی دیکر اسلام کو قیامت تک زندہ کر دیا۔ مسلم حکمران حسینی فکر کو اپنا کر کھویا ہوا مقام حاصل کرسکتے ہیں ۔ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ نے دنیا کو ظلم کے سامنے جھکنے سے انکار اور حق پر ڈٹ جانے کا عملی درس دیا۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان سنی تحریک ڈویژنل صدر و ممبر ضلعی امن کمیٹی پروفیسر پیر محمد آصف رضا قادری نے”حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ”کے یوم ولادت کے سلسلہ میں اسلم پارک میں منعقدہ ”کیک کٹنگ تقریب” کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اسوہ رسول ۖ کی عملی تصویر تھے۔ مسلمانوں کو حسینی کردار کے مطابق امر بالمعروف و نہی عن المنکر پر کاربند ہونا چاہیے۔ آج مسلمانوں کی معاشرتی و اخلاقی پستی آپ رضی اللہ عنہ کی تعلیمات سے دوری کی وجہ سے ہے۔ صحابہ کرام سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ سے بے پناہ محبت فرماتے تھے۔ صحابہ و اہلبیت کی آپس میں محبت و الفت کی خوشبو مہکتی تھی۔ خاندان نبوت نے اسلام کی سربلندی کے لیے عظیم قربانیاں دیں۔ آپ رضی اللہ عنہ کا کردار ہر دور میں انسانیت کے لیے روشنی کا مینار رہا ہے۔ سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ کی قربانی نے ثابت کیا کہ باطل کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو، حق ہمیشہ غالب رہتا ہے۔ آپ رضی اللہ عنہ کی تعلیمات صبر، استقامت، اخوت، ایثار اور حریت کی علامت ہیں۔ مسلمانوں کو دنیاوی و اخروی کامیابی کے لیے اپنی زندگی کا شعار حسینی تعلیمات کو بنانا ہوگا۔تقریب کے اختتام پر ملکی ترقی،سلامتی و استحکام اور حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کی سیرتِ طیبہ پر عمل کرنے اور ان کے پیغام کو اپنانے کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔اس موقع پر حافظ محمد یاسر قادری المدنی، محمد الطاف سلطانی،اللہ رکھا، محمد شفیق، محمد خالدودیگر بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں