بجلی کے نرخوں میں اضافہ کیوجہ سے ہرروز ایک انڈسٹری بند ہورہی ہے،چوہدری ظفر اقبال،شیخ محمد فیصل

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) بجلی کے نرخوں میں ہوشربا اضافے کی وجہ سے ہر روز ایک انڈسٹری بند ہورہی ہے’ ہر روز ایک کارخانے کو تالے لگ رہے ہیں اور آئے دن لوم فیکٹریاں تباہ ہو رہی ہیں’ ان خیالات کا اظہار فیصل آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری اور فیصل آباد کلاتھ بورڈ کے مشترکہ اجلاس سے FCSTI کے گروپ لیڈر چوہدری ظفر اقبال’ جنرل سیکرٹری فیصل آباد کلاتھ بورڈ شیخ محمد فیصل’ میاں ندیم’ محمد دین اور دیگر مقررین نے کیا’ اجلاس میںFCSTI کے ایگزیکٹو ممبر شیخ محمد فیصل’ عادل شہزاد’ شیخ جبران طارق’ عادل شہزاد کے علاوہ ریلوے روڈ کے جنرل سیکرٹری آفتاب بٹ’ چیئرمین قیصر سیٹھی’ افغان چوک ریل بازار کے صدر عبدالرحمن مانی’ جنرل سیکرٹری مرزا اعظم’ نیو انار کلی بازار کے صدر مرزا شہباز کے علاوہ تاجروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی’ مقررین نے کہا کہ چند مہینوں میں سینکڑوں ٹیکسٹائل یونٹس’ سپننگ ملز اور جننگ فیکٹریاں بند ہو چکی ہیں اور لوکل انویسٹر خوف اور غیریقینی کیفیت میں سرمایہ کاری سے پیچھے ہٹ گئے ہیں جس کی وجہ سے ہزاروں کی تعداد میں مزدور بیروزگار ہو گیا ہے’ اس کے علاوہ حکومت کی جانب سے انڈسٹری ری لوکیشن کے حکم سے پریشانی میں مبتلا ہو گئے ہیں’ گذشتہ تین ماہ میں 150 ملیں اور فیکٹریاں بند ہو چکی ہیں’ روزگار ختم ہونے کی وجہ سے غریب آدمی کے گھروں میں فاقوں کی نوبت آ چکی ہے’ ہماری حکومت سے دردمندانہ اپیل ہے کہ آئی پی پیزسے بجلی کے معاہدے ختم کئے جائیں اورفیکٹری’ ملوں اور انڈسٹری کو ریلیف دیا جائے’ بجلی کے ریٹس فوری طور پر خاطر خواہ کم کئے جائیں تاکہ ٹیکسٹائل ملیں پھر سے چلیں اور مزدور کو مزدوری ملے’ انہوں نے حکومت کو خبردار کیا کہ اگر اب بھی ہوش کے ناخن نہ لئے تو بیروزگار مزدو سڑکوں پر نکلے گا اور احتجاج کا راستہ اختیار کرے گا جس کی تمام تر ذمہ داری حکومتی منصوبہ سازوں پر ہو گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں