سدھار بائی پاس چوک میں گھنٹوں ٹریفک بلاک رہنا معمول بن گیا

ٹھیکریوالہ (نامہ نگار)سدھار بائی پاس چوک میں گھنٹوں ٹریفک بلاک رہنا معمول بن چکا ہے، جسکے باعث روزانہ کی بنیاد پر شہری شدید مشکلات کا شکار ہو رہے ہیں، جبکہ ٹریفک وارڈن اور پولیس اہلکار موقع سے غائب نظر آتے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق شام ہوتے ہی سدھار بائی پاس چوک میں ہیوی ٹریفک کی آمدورفت بڑھ جاتی ہے، خاص طور پر گنے سے لدی ٹرالیاں سڑکو ں پر آ جانے کے باعث ٹریفک کا نظام مکمل طور پر درہم برہم ہو جاتا ہے۔ کئی کئی گھنٹے ٹریفک جام رہنے سے مسافر، ملازمین اور مریضوں کو شدید ذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک کی روانی بحال کروانے کے لیے نہ تو ٹریفک وارڈن موجود ہوتے ہیں اور نہ ہی پولیس اہلکار موقع پر پہنچتے ہیں۔ ٹریفک پولیس کے افسران شہریوں کی خدمت کے دعوے تو بڑے بڑے کرتے ہیں، مگر عملی صورتحال اس کے برعکس ہے، کیونکہ اہم چوک پر کوئی بھی ذمہ دار اہلکار نظر نہیں آتا۔علاقہ مکینوں اور شہریوں نے سی ٹی او فیصل آباد ناصر جاوید رانا سے مطالبہ کیا ہے کہ سدھار بائی پاس چوک میں خاص طور پر رات کے اوقات میں ٹریفک پولیس کے اہلکار تعینات کیے جائیں اور ہیوی ٹریفک کے لیے مثر انتظامات کیے جائیں، تاکہ شہریوں کو روزانہ کی اذیت سے نجات مل سکے اور ٹریفک کا نظام بحال رکھا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں