دنیا بھر میں صحت مند خوراک کی مانگ بڑھ گئی

اسلام آباد (بیوروچیف)آرگینک خوراک اور مصنوعات پر ریسرچ کرنے والے نجی ادارے کے سربراہ نجم مزاری نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں صحتمند خوراک کی مانگ میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جس کے نتیجے میں آرگینک زرعی مصنوعات ایک مضبوط متبادل کے طور پر سامنے آئی ہیں، پاکستان میں بھی کسان اور صارفین آرگینک زراعت کی طرف متوجہ ہو رہے ہیں۔ہفتہ کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ماہرین کے مطابق عالمی آرگینک خوراک کی مارکیٹ ہر سال 8 سے 10 فیصدکی شرح سے نمو پا رہی ہے تاہم پاکستان میں آرگینک زراعت کا حصہ اب بھی کل زرعی پیداوار کا 2 فیصد سے کم ہے لیکن اس میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ آرگینک زراعت میں کیمیائی کھادوں، زہریلے سپرے اور مصنوعی ادویات کے بجائے قدرتی کھاد، گوبر، فصلوں کی گردش اور حیاتیاتی طریقے استعمال کیے جاتے ہیں،اس طریقہ کاشت سے زمین کی زرخیزی 20 سے 30 فیصد تک بہتر ہو سکتی ہے اور پانی کی آلودگی میں بھی واضح کمی آتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آرگینک سبزیوں اور پھلوں میں زہریلے کیمیکلز 70 فیصد تک کم ہوتے ہیں جس سے کینسر، الرجی اور معدے کی بیماریوں کے خطرات کم ہو جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مختلف علاقوں، خصوصاًپنجاب اور خیبر پختونخوا میں کچھ کسان آرگینک گندم، سبزیاں، شہد اور چاول کامیابی سے کاشت کر رہے ہیں اور مقامی مارکیٹ کے ساتھ ساتھ آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے فروخت بھی کر رہے ہیں۔نجم مزاری نے تجاویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت آرگینک زراعت کی جانب راغب ہونے والے کسانوں کیلئے سبسڈی اور تربیتی پروگرام متعارف کرائے،عوام کو مختلف پلیٹ فارمز کے ذریعے آرگینک خوراک کے فوائد سے آگاہ کیا جائے،دیہی علاقوں میں جدید آرگینک کاشت کے طریقوں پر ورکشاپس کرائی جائیں،کسانوں کو براہِ راست صارفین اور آن لائن مارکیٹس سے جوڑا جائے اورزرعی جامعات میں آرگینک زراعت پر تحقیق کو فروغ دیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں