فائرسیفٹی قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے

سرگودھا (بیورو چیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کی روشنی میں سرگودھا ڈویژ ن میں قائم تمام شاپنگ مالز، کمرشل پلازہ جات اور سرکاری و نجی عمارات میں فائر سیفٹی انتظامات کا سخت آڈٹ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے ڈپٹی کمشنر سرگودھا کیپٹن (ر) محمد وسیم کے ہمراہ یونیورسٹی روڈ پر واقع نجی شاپنگ مال (مال آف سرگودھا) کا اچانک دورہ کیا۔ کمشنر نے مال میں موجود فائر سیفٹی آلات، ایمرجنسی ایگزٹس، فائر الارم سسٹم اور دیگر حفاظتی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ریسکیو 1122 کی ٹیم بھی اس موقع پر موجود تھی، جو سرگودھا ڈویژن میں کمرشل عمارات اور عوامی مقامات پر فائر سیفٹی کے مکمل آڈٹ کے عمل میں متحرک کردار ادا کر رہی ہے۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 مظہر شاہ نے انتظامی افسران کو مال میں کیے گئے فائر سیفٹی اقدامات، عملے کی تربیت، ریسکیو پلان اور ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ترتیب دی گئی حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ مال انتظامیہ کو فائر سیفٹی کے حوالے سے باقاعدہ ہدایات اور عملی تربیت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں بروقت اور مؤثر رسپانس ممکن بنایا جا سکے۔ کمشنر سرگودھا حافظ شوکت علی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف عوام کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دے رہی ہیں اور انہی ہدایات کے تحت ڈویژن بھر میں فائر سیفٹی قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ فائر سیفٹی میں غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والی عمارات کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔کمشنر نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ فائر سیفٹی آڈٹ کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے اور تمام کمرشل و عوامی عمارات میں حفاظتی انتظامات کی مکمل تصدیق کے بعد ہی انہیں فعال رہنے کی اجازت دی جائے۔ اس موقع پر اے ڈی سی آر فہد محمود اور اے ڈی سی ہیڈکوارٹر ماجد بن احمد بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں