سمندری اراضی سنٹر عملہ پر تشدد،سیکرٹری بار سمیت8افراد کیخلاف مقدمہ درج

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) اراضی ریکارڈ سنٹر سمندری کے عملہ کو تشدد کا نشانہ بنانے’ آفس میں توڑ پھوڑ کرتے ہوئے خوف وہراس پھیلانے پر نومنتخب سیکرٹری بار سمندری سمیت 8افراد کیخلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا’ وکلاء نے مقدمہ درج کرنے پر عدالتوں کا بائیکاٹ کرتے ہوئے ہڑتال کر دی۔ تفصیل کے مطابق اراضی ریکارڈ سنٹر سمندری کے سروس سنٹر آفیشل رانا محمد عرفان نے بتایا کہ ملزمان محمد اویس گجر’ نواب’ سیکرٹری بار میاں محمد وحید ایڈووکیٹ اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ دفتر آئے اور ایک فرد بیع جاری کرنے کا کہا تو اس نے اصل مالک کو بلایا جو ان کے ساتھ نہ تھا۔ اصل مالک کے بغیر فرد بیع جاری کرنا قانونی جرم ہے جس پر انکو مالک کو ساتھ لانے کو کہا تو وہ آپے سے باہر ہو گئے اور اس کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے دفتر میں اونچی آواز میں گالم گلوچ اور دھمکیاں دینے لگے اور گملا اٹھا کر مارا اور موقع پر موجود سائلین میں خوف وہراس پھیلایا، وہاں پر موجود لوگوں میں بھگدڑ مچ گئی۔ جس پر سٹی سمندری پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی تو دوسری طرف وکلاء برادری نے سینئر ممبر بار کیخلاف مقدمہ کو جھوٹا بے بنیاد قرار دیتے ہوئے آج سمندری اور فیصل آباد میں احتجاجی ہڑتال کر دی اور وکلاء عدالتوں میں پیش نہ ہوئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں