28روز گزر گئے ،سمن آباد پولیس4کروڑ کی واردات کا سراغ نہ لگا سکی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)28روز گزرنے کے باوجود سمن آباد پولیس معروف کاروباری شخصیت کے گھر سے 4کروڑ سے زائد مالیت کا مال لوٹنے والے ڈاکوئوں کے گروہ کا سراغ نہ لگا سکی’ علاقہ میں خوف وہراس کی فضا برقرار’ ڈاکوئوں کو جلد گرفتار کر کے مال مسروقہ برآمد کرنے کا مطالبہ۔ تفصیل کے مطابق سمن آباد کے علاقہ پل عبداﷲ’ عبداﷲ کالونی سمندری روڈ کی معروف کاروباری شخصیت عاطف کریم کے گھر یکم جنوری کو تقریباً اڑھائی بجے رات 4مسلح ڈاکو گھر کا بیرونی دروازہ پھلانگ کر داخل ہوئے اور اسلحہ کے زور پر چوکیدار تنویر حسین’ ڈرائیور اور باورچی محمد یعقوب کو یرغمال بنایا اور ان کے ذریعے بیڈروم کا دروازہ کھلوایا، اسکی اہلیہ اور بچوں کو گن پوائنٹ پر حراساں کیا اور والدین کو بھی یرغمال بنا کر ایک کمرہ میں بند کر دیا اور اس کے بیڈروم کی تلاشی لیتے ہوئے 8عدد ڈائمنڈ رنگ’ 4کڑے’ 2 طلائی چوڑیاں’ 2 عدد گولڈ سیٹ’ 6 عدد ٹوپس طلائی’ 2عدد ڈائمنڈ بریسلیٹ’ 3 عدد گولڈ ائیررنگ’ نقدی 2لاکھ روپے اور اس کے والد کے کمرہ سے ایک عدد گھڑی اولیکس ٹیبل ڈائمنڈ’ 3لاکھ روپے نقدی’ 500 امریکی ڈالر’ 105 کینیڈین ڈالر’ 100 سعودی ریال اور اس کے بھائی کے کمرہ کی تلاشی لیتے ہوئے ایک عدد کلائی گھڑی اور ڈیڑھ لاکھ روپے نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے۔ جن کی مجموعی مالیت 4کروڑ سے زائد ہے۔ تاہم سمن آباد پولیس نے مقدمہ درج کر لیا تاہم 28 روز گزرنے کے باوجود ڈاکوئوں کے گروہ کا سراغ نہ لگا سکی۔ معروف کاروباری شخصیت عاطف کریم نے آر پی او سہیل اخترسکھیرا’ سی پی او صاحبزادہ بلال عمر اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈاکوئوں کے گروہ کو جلد ازجلد گرفتار کر کے مال برآمد کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں