قطر میں پاکستانی ڈاکٹروں کیلئے میڈیکل لائسنسنگ کا عمل آسان

اسلام آباد ( بیو رو چیف )قطر نے پاکستانی ڈاکٹروں اور سرجنز کے لیے میڈیکل لائسنسنگ کا عمل آسان بنا دیا ہے اور کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان (CPSP) کی جانب سے دی جانے والی فیلوشپس کو باضابطہ طور پر تسلیم کر لیا ہے۔ قطر میں پاکستانی سفارت خانے نے تصدیق کی ہے کہ خلیجی ریاست نے CPSP کی فرسٹ اور سیکنڈ فیلوشپس دونوں کی منظوری دے دی ہے، جس سے قطر میں ملازمت کے خواہشمند پاکستانی طبی ماہرین کو نمایاں فائدہ پہنچے گا۔منظوری کے مطابق سیکنڈ فیلوشپ کی بنیاد پر درخواست دینے والے ڈاکٹروں کے لیے لازم ہوگا کہ وہ اپنی بنیادی اسپیشلٹی میں متعلقہ فرسٹ فیلوشپ مکمل کر چکے ہوں۔قطری حکام نے CPSP کے تربیتی پروگرامز کے تعلیمی معیار اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا جائزہ لینے کے بعد یہ منظوری دی ہے۔اس فیصلے کے تحت CPSP فیلوشپس رکھنے والے ڈاکٹروں کو اب پرومیٹرک امتحان دینے کی ضرورت نہیں ہوگی، جس سے لائسنسنگ کا عمل تیز ہوگا اور طریقہ کار میں حائل رکاوٹیں کم ہوں گی۔حکام کے مطابق اس اقدام سے قطر میں تجربہ کار پاکستانی ڈاکٹروں اور سرجنز کے لیے روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا اور دونوں ممالک کے درمیان پیشہ ورانہ تعاون مزید مضبوط ہو گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں