4

پولیس ملازمین کے خصوصی بچوں کیلئے مثالی فلاحی اقدام

لاہور( بیورو چیف)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس ملازمین کے سپیشل بچوں کی فلاح و بہبود کیلئے ایک احسن اور تاریخی اقدام کرتے ہوئے ان کے علاج معالجے اور دیکھ بھال کے ماہانہ وظائف میں دوگنا اضافے کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پولیس ملازمین کے تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کا ماہانہ وظیفہ 15 ہزار روپے سے بڑھا کر 30 ہزار روپے کر دیا گیا ہے، جبکہ سیریبل پالسی میں مبتلا بچوں کیلئے ماہانہ وظیفہ 10 ہزار سے بڑھا کر 20 ہزار روپے مقرر کر دیا گیا ہے۔اسی طرح آئی جی پنجاب کی خصوصی ہدایات پر پولیس ملازمین کے آٹزم کا شکار بچوں کو بھی ماہانہ 10 ہزار روپے وظیفہ دینے کی منظوری دے دی گئی ہے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ پولیس فورس ایک فیملی کی مانند ہے اور ملازمین کے ساتھ ساتھ ان کے بچوں کی دیکھ بھال پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف بیماریوں میں مبتلا پولیس ملازمین کے بچوں کے علاج معالجے کیلئے بھی خطیر رقوم فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ اہلکار بلا خوف و فکر اپنے فرائض سرانجام دے سکیں۔ڈاکٹر عثمان انور نے مزید بتایا کہ پنجاب پولیس فورس کی ویلفیئر پر روزانہ 2 کروڑ 20 لاکھ روپے کی خطیر رقم خرچ کی جا رہی ہے، جو پولیس ملازمین اور ان کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کے عزم کا واضح ثبوت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں