1

ملک کا مفاد سب سے مقدم ہے،گورنر پنجاب

لاہو ر(بیورو چیف) گورنر پنجاب/چانسلر سردار سلیم حیدر خان نے جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ہائی ٹیک یونیورسٹی کے ساتویں کانووکیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ کانووکیشن میں شرکت میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے گریجویٹس اور ان کے والدین کو اس سنگ میل کی تکمیل پر مبارکباد پیش کی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ یونیورسٹی کے گریجویٹس پاکستان کی ٹیکنالوجیکل ترقی میں مؤثر طریقے سے حصہ ڈال رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہائی ٹیک یونیورسٹی سے فارغ التحصیل گریجویٹس قومی اور بین الاقوامی معروف اداروں سمیت مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان میں 64% نوجوان ہیں جن کے ساتھ ملک کا مستقبل جڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ نبی آخرزماں حضرت محمد محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہمارے لیے رول ماڈل ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ سیرت النبی کے مطالعہ سے ہم اپنے کردار کو تعمیری اور مثبت بنا سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی برتری کو فروغ دینے اور HITEC یونیورسٹی کی ساکھ بڑھانے میں وائس چانسلر اور فیکلٹی کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ یونیورسٹی کی تعلیمی کارکردگی اور مجموعی ترقی خوش آئند ہے۔گورنر پنجاب نے فارغ التحصیل طلبا و طالبات میں میڈلز اور ڈگریاں تقسیم کیں۔مختلف انڈرگریجویٹ، گریجویٹ اور ڈاکٹریٹ پروگراموں میں کل 1,166 طلبا کو ڈگریاں عطا کی گئیں۔علاوہ ازیں، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان گذشتہ شب سینئر صحافی میاں محمد اصغر بھٹی کی رہائش گاہ پر گئے جہاں انہوں نے ان کی خالہ اور پھوپھو زاد بھائی میاں محمد عباس بھٹی کی وفات پر اظہار تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی۔ ایم این اے و صدر پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ پنجاب ثمینہ خالد گھرکی بھی موجود تھیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ملکی مفاد سب سے مقدم ہے، سب کو ملک کی تعمیر و ترقی میں مثبت حصہ شامل کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ عام آدمی کی گورنر ہاوس رسائی کو آسان بنا دیا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ غریب اور سفید پوش افراد کی بیٹیوں کی شادی کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ کوئی بھی غریب ، سفید پوش انسان بیٹی کی شادی کے لیے گورنر ہائوس درخواست دے سکتا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ کل فتح جنگ ضلع اٹک میں اجتماعی شادیوں کی تقریب منعقد ہونے جارہی ہیں جس میں خصوصی طور پر شرکت کروں گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک دوسرے کا احساس معاشرے کو خوبصورت بنا سکتا ہے، یہی اسلامی تعلیمات ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں