2

284رہائشی پلاٹس اقساط میں فروخت کرنیکی منظوری

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایف ڈی اے بورڈ آف گورنرز نے ایف ڈی اے کے ملیکتی284 رہائشی پلاٹس بذریعہ قرعہ اندازی چار سالہ اقساط میں فروخت کرنے کی متفقہ طور پر منظوری دی ہے۔ یہ پلاٹس ایف ڈی اے سٹی کے مختلف بلاکس میں واقع ہیں جن میں ایک کنال رقبہ کے189 اور10مرلہ رقبہ کے 95 پلاٹس شامل ہیں۔ایف ڈی اے گورننگ باڈ ی کا اجلاس کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی زیرصدارت ان کے آفس کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر)ندیم ناصر، ایڈیشنل کمشنر آصف چوہان، محکمہ فنانس پنجاب، ہاسنگ و اربن ڈویلپمنٹ، لوکل گورنمنٹ، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے نمائندہ افسران نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے ایجنڈ ے کی تفصیلات اور ادارہ کے انتظامی و ترقیاتی امور سے آگاہ کیا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند، چیف انجینئر مہرایوب، ڈائریکٹرز اسما محسن، جنید حسن منج، یاسر اعجاز چٹھہ، سہیل مقصود پنوں اور ایف ڈی اے کے دیگر افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔ آغاز میں گورننگ باڈ ی کے گزشتہ اجلاس کی کارروائی کی توثیق کی گئی۔اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والے درخواستوں گزاروں سے چارسالہ اقساط میں پلاٹس کی قیمت وصول کی جائیگی جبکہ درخواست فارم کے ساتھ دس مرلہ کے پلاٹ کے لئے اڑھائی لاکھ اور ایک کنال پلاٹ کے لئے پانچ لاکھ روپے کی رقم بطور زر بیعانہ جمع کرانا ہوگی۔اجلاس کے دوران مختلف حکومتی نوٹیفکیشنز کو اختیار کرنے اور دیگر انتظامی امور کی منظوری بھی دی گئی۔ کمشنر فیصل آباد نے قرعہ انداز ی کے ذریعے پلاٹس کی فروخت کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارہ کے مالی استحکام کے لئے مزید بزنس ماڈلز بھی ترتیب دیئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ جدید طرز پر شہری ترقی کے لئے ایف ڈی اے کا کردار بڑی اہمیت کا حامل ہے لہذ ا نئے ویژن کے تحت منصوبہ سازی کی جائیگی جو حکومت پنجاب کا ترقیاتی ایجنڈ اہے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی ا ے نے بتایا کہ نیلام عام کے ذریعے پلاٹس کی فروخت میں حوصلہ افزا نتائج حاصل نہ ہونے پر قرعہ اندازی کے لئے آسان اقساط میں ایف ڈی اے سٹی کے دستیاب پلاٹس فروخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایف ڈی اے کی سروسز کوجدید تقاضوں سے ہم آہنگ اور شہری ضرورتوں کے عین مطابق بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں