4

سرگودھا میں ستھرا پنجاب کے حوالے سے آگاہی واک

سرگودھا (بیورو چیف) وزیر اعلیٰ پنجاب کے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت پورے پنجاب میں صفائی اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کی مہم جاری ہے۔ اس سلسلے میں سرگودھا میں واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی (واسا) اور سرگودھا ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایس ڈبلیو ایم سی) نے مشترکہ آگاہی مارچ پاسٹ کا انعقاد کیا۔ مارچ پاسٹ شہر میں صفائی کے نظام اور شہری ذمہ داریوں کے بارے میں عوام کو آگاہ کرنے کے لیے منعقد کیا گیا۔مارچ پاسٹ کی قیادت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو فہد محمود اور اے ڈی سی جنرل رانا ابو بکر نے کی۔ اس موقع پر سی ای او ایس ڈبلیو ایم سی رانا شاہد عمران، ایم ڈی واسا رانا ابو بکر، اور دونوں اداروں کا فیلڈ، مانیٹرنگ اور آپریشنل عملہ بھی موجود تھا۔ مارچ میں صفائی سے متعلق بڑے ڈمپر ٹرک، کچرا اٹھانے والی گاڑیاں اور دیگر مشینری بھی شامل تھی۔ عملے نے شہریوں کو عملی مظاہرہ کے ذریعے صفائی کے اقدامات دکھائے۔مارچ میلہ منڈی گراؤنڈ سے شروع ہو کر کچہری روڈ، یونیورسٹی روڈ اور دیگر اہم سڑکوں سے گزرتا ہوا مقررہ مقام پر اختتام پذیر ہوا۔ شہریوں نے صفائی کے اس منظم مظاہرے کو سراہا۔ اے ڈی سی آر نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت پورے پنجاب میں صفائی کے اقدامات جاری ہیں اور سرگودھا میں یہ مارچ پاسٹ اسی پروگرام کا حصہ ہے۔ اس کا مقصد شہریوں کو صفائی کے نظام، دستیاب وسائل اور اپنی ذمہ داریوں کے بارے میں آگاہ کرنا ہے۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ جہاں کہیں کھلا مین ہول یا کچرا نظر آئے، فوری اطلاع واسا کی ہیلپ لائن 1334 پر دیں اور اپنے علاقے کی صفائی کے حوالے سے تجاویز اور شکایات متعلقہ اداروں کو فراہم کریں تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں