آبی ذخائر میں پانی ذخیرہ کرنیکی صلاحیت میں نمایاں کمی

اسلام آباد (بیوروچیف) پاکستان کے تین بڑے آبی ذخائر میں سلٹنگ کے باعث پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے ۔ وزارتِ آبی وسائل کی دستاویزات کے مطابق تربیلا ڈیم، منگلا ڈیم اور چشمہ بیراج میں پانی ذخیر ہ کی گنجائش72لاکھ ایکڑفٹ تک کم ہو گئی ، ان تینوں آبی ذخائر کی مجموعی پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت پہلے 2 کروڑ 12 لاکھ ایکڑ فٹ سے زائد تھی جو اب تقریبا 1 کروڑ 40 لاکھ ایکڑ فٹ رہ گئی ہے ، یعنی 34 فیصد کمی واقع ہوئی ہے ۔تربیلا ڈیم کی پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں 45 فیصد کمی آ چکی ہے جو پہلے 1 کروڑ 16 لاکھ ایکڑ فٹ تھی اور اب تقریبا 63 لاکھ ایکڑ فٹ رہ گئی ۔ منگلا ڈیم کی صلاحیت میں 17 فیصد اور چشمہ بیراج میں بھی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔ماہرین کے مطابق تربیلا ڈیم کی ڈی سلٹنگ اب ممکن نہیں رہی کیونکہ ڈیم کے پیچھے جھیل میں کئی کلومیٹر تک ریت اور بجری جمع ہو چکی ہے اور اگر اسے ڈیم کی جانب بڑھنے دیا گیا تو نقصان کا خدشہ ہے ۔ اسی طرح منگلا ڈیم کی اپ ریزنگ کے بعد مثر ڈی سلٹنگ بھی مشکل ہو گئی ہے ۔ان ڈیموں پر پاکستان کی وسیع زرعی زمینوں کی آبپاشی کا انحصار ہے جبکہ قومی بجلی کے گرڈ میں بھی ان کا اہم حصہ شامل ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں