فیصل آباد سمیت صوبہ بھر کے واسا نظام کی بہتری کیلئے ڈویلپمنٹ پروگرام کا آغاز

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) چیئرمین پنجاب واسا اتھارٹی نوابزادہ چوہدری شیر علی خان نے کہا ہے کہ فیصل آباد سمیت صوبہ بھر کے واسا سسٹم کو اپ گریڈ کرنے کیلئے 200ارب روپے کا ڈو یلپمنٹ پروگرام شروع کیا گیا ہے جسکا مقصد شہریوں کو سیوریج اور واٹر سپلائی کی معیاری سرو سز فراہم کرنا ہے۔ واسا ہیڈ آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف شہریوں کو صاف پینے کے پانی اور سیوریج کی معیاری سہولیات کی ترجیحی بنیادوں پر فراہمی کے لئے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہیں اور اس ضمن میں وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے فیصل آباد سمیت صوبہ بھر کے تمام اضلاع میں واساز کے لئے 200 ارب روپے کا ڈویلپمنٹ پروگرام جاری کیا ہے جس سے سیوریج سسٹم اور واٹر سپلائی کی سکیمیں زیر تکمیل ہیں اور ان تمام ترقیاتی سکیموں کے مکمل ہونے پر شہریوں کو ایک نیا پنجاب نظر آئے گا۔ چیئرمین پنجاب واسا اتھارٹی چوہدری شیر علی خان نے مزید کہا کہ عوام ابھی تک واٹر سپلائی اور نکاسی آب کو ابھی تک یوٹیلٹی سروسز ہی نہیں سمجھتی جس کی وجہ سے ماہانہ بلز جمع نہیں کروائے جارہے ہیں اس لئے عوام بجلی اور گیس کی طرح واسا کے یوٹیلیٹی بلز بروقت جمع کروائیں تاکہ ادارے چل سکیں جبکہ واساز سے متعلقہ مسائل کو بتدریج حل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام محکموں بالخصوص واسا کی تمام ترقیاتی سکیموں پر حفاظتی اقدامات کو مکمل کیا جائے تاکہ کسی قسم کا حادثہ رونما نہ ہو سکے ۔ چیئرمین نے واضح کیا کہ اتھارٹی کی سطح پر قانون سازی کریں گے کہ ایسی کالونیاں جو واساز کی حدود سے باہر ہیں وہاں پر سیوریج سسٹم واسا کا منظور شدہ ڈیزائن اور این او سی لینا پڑے اور اسے سختی سے ریگولیٹ بھی کیا جائے۔ قبل ازیں اراکین قومی اسمبلی کے ساتھ میٹنگ میں چیئرمین اتھارٹی نوابزادہ چوہدری شیرعلی خان واسا سے متعلقہ مسائل سے آگاہ ہوئے اور انہیں حل کرنے کے لئے منیجنگ ڈائریکٹر واسا کو ہدایات جاری کیں اور کہا کہ کسی بھی ترقیاتی سکیم کے آغاز پر متعلقہ عوامی نمائندوں کو لازمی آن بورڈ لیا جائے اور ان کی مشاورت سے ترقیاتی سکیموں کو شروع کروایا جائے۔ اجلاس میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ، ٹکٹ ہولڈرز نے بھی شرکت کی جن میں راجہ دانیال احمد ، چوہدری شہباز بابر ،میاں عرفان منان ، چوہدری فقیر حسین ڈوگر ، رانا علی عباس خاں ، مہر حامد رشید ، شیخ محمد یوسف ، خواجہ رضوان و دیگر شامل تھے ۔ چیئرمین واسا پنجاب اتھارٹی نوابزادہ چوہدری شیر علی خان کے دورہ کے دوران ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پنجاب واسا سہیل قادر چیمہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ مینجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے واسا کی کارکردگی اور نئے پراجیکٹس بارے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ واسا فیصل ا باد نے گذشتہ ایک سال کے دوران 8 ہزار سے زائد مسنگ مین ہولز کو کور کروایا جبکہ مزید 5 ہزار مین ہول کورز سٹور میں موجود ہیں اور کسی بھی مسنگ مین ہول کی اطلاع یا نشاندہی پر ہنگامی بنیادوں پر اسے کور کروایا جارہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی سکیموں پر پارلیمنٹرینز کو آن بورڈ لیا جائے گا اور ان کی مشاورت سے تعمیراتی کاموں کو مکمل کروایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں