ارفع کریم آج بھی نوجوان نسل کیلئے خود اعتمادی کی روشن مثال ہیں،مقبول ملک

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد سے تعلق رکھنے والی پاکستان کی کم عمر آئی ٹی سرٹیفائیڈ ارفع کریم کی31ویں سالگرہ کے موقع پر ایک باوقار تقریب آرٹس کونسل اور لائل پور میوزیم کے باہمی اشتراک سے منعقد کی گئی۔تقریب کا انعقاد ارفع کریم کی علمی خدمات، غیر معمولی صلاحیتوں اورانفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں انکے نمایاں کارناموں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لئے کیا گیا۔ڈائریکٹر لائل پور میوزیم مقبول احمد ملک نے آفیسرز کے ہمراہ کیک کاٹا۔ادھر مختلف تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے طلبہ و طالبات نے لائل پور میوزیم میں قائم ارفع کریم کارنر کا دورہ بھی کیاجہاں انہیں ارفع کریم کی تعلیمی جدوجہد، عالمی اعزازات اور آئی ٹی کے میدان میں ان کی تاریخی کامیابیوں سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔ڈائریکٹر مقبول احمد ملک کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ارفع کریم آج بھی نوجوان نسل،خصوصا طالبات کے لئے علم، محنت اور خود اعتمادی کی ایک روشن مثال ہیں۔ایسی تقاریب نہ صرف قومی ہیروز کی خدمات کو اجاگر کرتی ہیں بلکہ نئی نسل میں سائنسی شعور، تحقیق اور تخلیقی سوچ کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں