1

پاکستان کا بھارت کیخلاف بائیکاٹ، ایکس پر قہقہے

کولمبو (سپورٹس نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کولمبو پہنچ تو گئی مگر کرکٹ کی دنیا کے روایتی حریف یعنی پاکستان اور بھارت اس بار آمنے سامنے نہیں ہوں گے۔جوں ہی اس خبر کا اعلان ہوا شائقین مایوس تو ہوئے مگر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر قہقہوں کا طوفان برپا ہو گیا۔پہلے ایشیا کپ کے دوران کھیل کے میدان میں سیاست لانا اور پھر بنگلادیش کے حوالے سے آئی سی سی کے جانبدارانہ رویے کے سبب حکومتِ پاکستان نے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں مشروط شرکت کا اعلان کیا۔اس اعلان کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس قہقہوں اور میمز سے گونج اٹھا۔مذکورہ اعلان کے بعد سے ہی پاکستانی صارفین حسبِ روایت متحرک ہو گئے اور پڑوسیوں پر طنز و مزاح کے تیر برسنے لگے۔بالخصوص اس پسِ منظر میں کہ پاکستان اس سے قبل بھارت سے اپنے میچز سری لنکا منتقل کرنے کی درخواست کر چکا تھا، کئی صارفین اس خبر پر خوب محظوظ نظر آئے۔بعض افراد مستقبل میں اپنے روایتی حریفوں کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار کے حوالے سے بھی چٹکلے چھوڑتے دکھائی دیے، جبکہ اکثریت اس پوری صورتِ حال سے خوب لطف اندوز ہوتی رہی۔اکثر صارفین نے بھارتی ٹیم کے لیے ہمدردی کا بھی اظہار کیا، جو ایک ایسے میچ کی تیاری کر رہی تھی جس کے کھیلے جانے کا امکان ہی نہیں تھا۔اگر سنجیدہ تناظر میں دیکھا جائے تو خاص طور پر ایشیا کپ کے دوران بھارتی کھلاڑیوں کی جانب سے پاکستانی کھلاڑیوں سے مصافحہ تک نہ کرنے کے واقعے کے بعد اب پاکستان کے اس فیصلے سے بیشتر شائقینِ کرکٹ مطمئن دکھائی دیے۔مجموعی طور پر، اس غیر متوقع آغاز کے ساتھ، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دلچسپ اور سنسنی خیز ہونے کے امکانات مزید بڑھ گئے ہیں جبکہ براڈکاسٹر پاکستان اور بھارت ٹاکرا نہ ہونے کی صورت میں پریشان دکھائی دے رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں