4

کمشنر کا گوجرہ کا دورہ،شہر کی ناقص صفائی پر ٹھیکیداروں کو4لاکھ جرمانہ

گوجرہ(نامہ نگار)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پر کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے تحصیل گوجرہ کا دورہ کیا اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال اور شہر میں صفائی کی ناقص صورتحال پر ٹھیکیداروں کو مجموعی طور پر4لاکھ رو پے جرمانہ عائد کیا۔انہوں نے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتا ل کے وارڈز، واش رومز میں صفائی کا معیار نہ ہونے پر پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے ٹھیکیدار کو2 لاکھ روپے اور شہر میں صفائی کی غیر تسلی بخش صورتحال پر ستھراپنجاب کے کنٹریکٹر کو2 لاکھ روپے جرمانہ عائد اورآئندہ کے لئے کڑی وارننگ جاری کی۔کمشنر نے سرکاری تعطیل کے روز تحصیل گوجرہ کا تفصیلی دورہ کیا اورگوجرہ جھنگ روڈ پر چک303 میں سیوریج زدہ تالاب کو ڈی واٹر کرنے کے عمل کی نگرانی کی۔انہوں نے موقع پر حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا اور کہا کہ ڈویژن بھر میں سیوریج کے پانی سے بننے والے تالابوں کو ڈی واٹر کرنے کے لئے ہنگامی اقدامات جاری ہیں۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 48 گھنٹے میں 58 جوہڑوں سے پانی خشک کیا جاچکا ہے۔دیہی و شہری آبادیوں میں موجود تالابوں کے پانی کو قریبی سیوریج سسٹم میں ڈالا جارہا ہے جبکہ دیہی علاقوں میں سیوریج سسٹم کے لئے میگا منصوبے تجویز کئے جارہے ہیں۔کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال گوجرہ کا دورہ بھی کیا اورگندی بیڈ شیٹس کی موجودگی پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو وارننگ دی۔انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبوں اوروارڈز کا دورہ کرکے مشینری کی ورکنگ حالت کو چیک،ادویات سٹور میں میڈیسن کا سٹاک دیکھا۔انہوں نے مریضوں کی عیادت،ادویات ہسپتال سے ملنے کی تصدیق کی۔کمشنر نے ہسپتال کی اندرونی روڈ کو فوری مرمت کرانے کا حکم دیا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے بیوٹیفیکیشن پروگرام پر عملدرآمد کے تحت کمشنر نے تحصیل گوجرہ شہر کے وسط میں بیوٹیفکیشن اور ہارٹیکلچر کے جاری کاموں کا معائنہ کیا۔انہوں نے رانڈ اباٹ(گول چکر) میں خوبصورتی کے اقدامات،گرین بیلٹس کی سجاوٹ،کلچرل وال کی تیاری کے مراحل دیکھے۔ کمشنر نے کہا کہ شہریوں کی تفریح کے لئے خوبصورتی کو مزید اجاگر کیا جائے۔انہوں نے جناح پارک گوجرہ کا دورہ کرکے پارک میں دستیاب تفریحی سہولیات کا جائزہ بھی لیا۔انہوں نے پارک کے داخلی مقامات پر دیدہ زیب وال پینٹنگ دیکھی اور کینٹین کی موجودگی کو سراہا۔انہوں نے پارک میں واکنگ ٹریک پر دلکش ٹائلز لگانے کے کام پر خوشی کا اظہارکرتے ہوئے پارک کو مزید جاذب نظر بنانے اور جلد پبلک کے لئے کھولنے کی ہدایت کی۔انہوں نے مرکزی بازار میں شاپنگ مال میں جاکر فائر سیفٹی انتظامات دیکھے اور کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات پر بازاروں میں واٹر ہائیڈرنٹس بھی نصب کئے جارہے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پربلند وبالا عمارات میں فائر سیفٹی انتظامات یقینی بنانے کے لئے ڈویژنل انتظامیہ ان ایکشن ہے۔انہوں نے بڑے شاپنگ مال میں آگ بجھانے والے آلات کی دستیابی چیک،مال میں ہنگامی راستوں کی موجودگی،آلات فعال ہونے کی تصدیق کی۔کمشنر نے کہا کہ عوامی جانوں کا تحفظ ترجیح ہے۔بلند بالا عمارات میں فائر سیفٹی انتظامات کی کڑی انسپکشن جاری اوربلند وبالا عمارات کو اے کیٹگری میں لایا جارہا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ اقدامات مکمل نہ کرنے والوں کو کاروبار کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔کمشنر نے چک297 میں واٹر پونڈ کا دورہ کرکے اسے عوامی سہولت کے لئے بروئے کارلانے کے حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر کو موقع پر ہدایت کی اور کہا کہ اس ضمن میں قابل عمل منصوبہ تجویز کیا جائے۔کمشنر نے میونسپل کمیٹی آفس میں بریفنگ بھی لی۔کمشنر کو بتایا گیا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت تحصیل گوجرہ میں سیوریج سسٹم کی اپ گریڈیشن کے میگا پراجیکٹ پر کام جاری ہے۔ کمشنر نے تاکید کی کہ سیوریج کا منصوبہ مون سون سے قبل مکمل ہونا چاہیے۔انہوں نے100 فیصد مین ہولز کور،دکانوں کے باہر اور روڈز پر ان کورڈسلیب کور کرنے کی تاکید کی۔انہوں نے کہا کہ رورل ایریا میں سیوریج نظام کے لئے منصوبے تجویز کریں۔سیوریج سمیت ترقیاتی منصوبوں کے تعمیراتی عمل کے دوران حفاظتی اقدامات یقینی ہونے چاہیں۔اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں