جی سی یونیورسٹی میں طلبہ سے زائد فیس وصولی کا انکشاف

ٹھیکریوالہ(نامہ نگار) جی سی یونیورسٹی فیصل آباد میں طلبا و طالبات سے زائد فیس وصول کرنے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے باعث یونیورسٹی انتظامیہ پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق، فیس ووچرز میں ٹیوشن فیس اور دیگر اخراجات کی تفصیل واضح طور پر درج کی گئی ہے، مگر جب ان تمام فیسوں کو جمع کیا جاتا ہے تو وہ رقم ہزاروں روپے زائد بنتی ہے۔ طالبات و طلبا نے جب اس غلطی کے بارے میں اکائونٹس آفس سے سوال کیا، تو یونیورسٹی انتظامیہ نے اسے ‘پروجیکٹ فیس’ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس بارے میں اوپر کوئی واضح ذکر نہیں ہے۔ طلبا کا کہنا تھا کہ انہیں بتایا گیا کہ یہ ایک غلطی تھی، تاہم اس کی وضاحت نہیں کی گئی۔یہ صورتحال اس بات کی غماز ہے کہ جی سی یونیورسٹی فیصل آباد کے فیس سٹرکچر میں مسائل ہیں اور یونیورسٹی کے طلبا و طالبات کو بے وقوف بنا کر اضافی رقم وصول کی جا رہی ہے۔ بیشتر والدین اپنی معلومات کی کمی کے باعث اس غلطی کو نظرانداز کر دیتے ہیں، جس سے یونیورسٹی کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔اس حوالے سے مختلف حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے کہ کیا یونیورسٹی انتظامیہ اس بات کی وضاحت فراہم کرے گی یا طلبا کو اس سلسلے میں مزید نقصان اٹھانا پڑے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں