1

یورپی یونین سے تجارتی،اقتصادی روابط بڑھانے کا فیصلہ

اسلام آباد (بیورو چیف)نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے یورپی یونین کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی روابط بڑھانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ یورپی یونین جی ایس پی پلس فریم ورک کے تحت پاکستان کا ایک اہم اقتصادی شراکت دار ہے،پاکستان جی ایس پی پلس کے چار دو سالہ جائزے کامیابی سے مکمل کر چکا ،آئندہ بھی اپنی تمام ذمہ داریوں کی مکمل پاسداری جاری رکھے گا۔جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم نے یہ بات یورپی یونین کیساتھ پاکستان کے اقتصادی اور تجارتی تعاون کو مضبوط بنانے کی غرض سے اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اعلی سطح بین الوزارتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف، وزیراعظم کے معاونِ خصوصی طارق باجوہ، سیکریٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ، سیکرٹریز تجارت، داخلہ، سمندر پار پاکستانی اور انسانی حقوق، یورپی یونین میں پاکستان کے سفیر اور متعلقہ وفاقی و صوبائی محکموں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔وزیر خارجہ نے یورپی یونین کیساتھ تجارتی اور اقتصادی روابط کو گہرا اور وسیع کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین بالخصوص جی ایس پی پلس فریم ورک کے تحت پاکستان کا ایک اہم اقتصادی شراکت دار ہے۔انہوں نے اس بات کو اجاگر کیا کہ پاکستان کامیابی کے ساتھ جی ایس پی پلس کے چار دو سالہ جائزے مکمل کر چکا ہے اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اس سکیم کے تحت اپنی تمام ذمہ داریوں کی مکمل پاسداری جاری رکھے گا تاکہ باہمی طور پر مفید تجارتی مواقع کو مزید فروغ دیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں