1

سرگودھا میں نگہبان کارڈز کی تقسیم جلد شروع کی جائیگی،ڈی سی حسین احمد رضا

سرگودھا( بیورو چیف)ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چوہدری کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ، تمام اسسٹنٹ کمشنرز، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر اور مارکیٹ کمیٹی کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کے رمضان پیکج، رمضان دسترخوانوں اور رمضان بازاروں کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ہر تحصیل میں آٹھ رمضان دسترخوان قائم کیے جائیں گے جہاں روزانہ 2 سو سے زائد افراد کے لیے افطاری کا انتظام ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ افطاری کے انتظامات باوقار ہوں، معیاری کھانا فراہم کیا جائے اور مناسب نشست کا اہتمام ہو، جبکہ صفائی ستھرائی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ ستھرا پنجاب کی ٹیمیں افطار کے فوری بعد صفائی کے اقدامات مکمل کریں گی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ سہولت بازاروں کو فوری طور پر رمضان بازاروں میں تبدیل کیا جائے جہاں چینی، آٹا، دالیں، سبزیاں اور پھل وافر مقدار میں اور سرکاری نرخوں پر دستیاب ہوں۔ اسسٹنٹ کمشنرز کو اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا ازسرنو جائزہ لے کر رمضان ریٹس جاری کرنے کی ہدایت کی گئی۔اجلاس میں نگہبان کارڈز کی تقسیم کے انتظامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ نگہبان کارڈز کی تقسیم ایک دو روز میں شروع کی جائے گی اور یہ سہولت باعزت اور منظم طریقے سے مستحق افراد تک پہنچائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے ناقص کارکردگی پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور واضح کیا کہ رمضان المبارک سے قبل پرائس کنٹرول سسٹم کو مکمل طور پر فعال کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مقررہ نرخ ہر دکان پر نمایاں آویزاں ہوں، الیکٹرانک ریٹ بورڈز فعال کیے جائیں اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس روزانہ کم از کم 40 انسپکشنز کریں۔اجلاس میں سبزی و فروٹ منڈی کی صفائی کی ناقص صورتحال پر بھی اظہارِ ناراضگی کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر مارکیٹ کمیٹی کو فوری بہتری اور مستقل صفائی کے احکامات جاری کیے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو ریلیف کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں