1

سینئر وارڈن کی تنزلی،ASIکی1سالہ سروس ضبط

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر )کرپشن ، فرائض میں غفلت اور اختیارات سے تجاوز کرنے پر سنیئر ٹریفک وارڈن کی تنزلی، اسسٹنٹ سب انسپکٹرکی ایک سالہ سروس ضبط ۔ تفصیلات کے مطابق سنیئر ٹریفک وارڈن محمد طفیل اور تھانہ ماموں کانجن میں تعینات اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد اشرف انکوائری کے دوران کرپشن،اختیارات سے تجاوز اور دوران ڈیوٹی غفلت و لاپرواہی کامظاہرہ کرنے میں ملوث پائے گئے جس پر ایکشن لیتے ہوئے آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے سنیئر ٹریفک وارڈن محمد طفیل کی تنزلی کرتے ہوئے اسے ٹریفک وارڈن بنا دیا اور اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد اشرف کی ایک سال کی سروس ضبط کرنے کا حکم دے دیا ۔آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے کہا کہ نااہل اور غفلت و لاپرواہی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران کی محکمہ میں کوئی جگہ نہیں ،فرض شناس افسران کی حوصلہ افزائی جبکہ کرپٹ پولیس افسران کے خلاف خود احتسابی کا عمل جاری رہے گا۔فرض شناسی اور دیانتداری ہی پولیس افسران کا معیار ہوگا ،کرپٹ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد جاری ہے ۔شکایات کے ازالے اور پولیس نظام میں شفافیت کے لیے موثر مانیٹرنگ کا نظام مزید سخت کیا جا رہا ہے۔ محکمانہ نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے بلا امتیاز کارروائیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں