گودام میں ہولناک آتشزدگی لاکھوں کا سامان جل کر خاکستر

لاہور(بیورو چیف)نیو گارڈن ٹائون میں واقع گودام میں آتشزدگی سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہو گیا ، ریسکیو 1122نے گودام سے ملحقہ آپریشنل پیٹرول پمپ کو زد میں آنے سے بچا کر علاقے کو بڑے نقصان سے محفوظ کر لیا ۔ریسکیو 1122کے مطابق سہ پہر کے وقت نیوگارڈن ٹائون کے علاقہ میں ایک گودام میں آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی جس پر امدادی ٹیمیں فوری موقع پر پہنچ گئیں۔ ترجمان کے مطابق گودام میں زیادہ تر میٹریل آتش گیر اور جلد آگ پکڑنے والا تھا جبکہ دیگر سامان بھی موجود تھا۔آپریشن کا سب سے بڑا چیلنج گودام کے پچھلی طرف ایک آپریشنل پٹرول پمپ تھا تاہم ریسکیورز نے فوری طور پر چاروں اطراف سے فائر فائٹنگ شروع کرتے ہوئے آگ کو گودام کی حدود میں ہی روکتے ہوئے پٹرول پمپ کو آگ کی زد میں آنے سے بچاتے ہوئے علاقہ کو بڑے سانحہ سے بچا لیا۔ریسکیو اہلکاروں کے مطابق گودام 2کنال سے زائد رقبہ پر مشتمل ہے جس میں کیٹرنگ اور پلاسٹک کے سامان کی کثرت ہے۔فائر و ریسکیو آپریشن میں 18 سے زائد فائر و ایمرجنسی ریسکیو وہیکلز بشمول اور 40سے زائد فائر ریسکیورز نے حصہ لیا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں