فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام خصوصی تقریب، معذو ر افراد میں الیکٹرک بائکس تقسیم۔ فیصل آباد میں محکمہ سوشل ویلفیئر کے زیر اہتمام ایک پروقار تقر یب کا انعقاد کیا گیا جس میں معذور افراد کی بحالی اور خودمختاری کے لیے اہم اقدام کے طور پر الیکٹرک بائکس تقسیم کی گئیں۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی رکن صوبائی اسمبلی حلقہ PP-98آزاد علی تبسم تھے، جبکہ عمر اسرار منے خاں (کوارڈینیٹر بیت المال)، رانا وارث (ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر) اور ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر سمیت دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔تقریب میں وزیراعلی پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے اقدامات کو اجاگر کیا گیا۔ حکومتی پالیسی کے تحت وہیل چیئر استعمال کرنے والے معذور افراد کو الیکٹرک بائکس فراہم کی گئیں تاکہ وہ باعزت طور پر اپنی روزمرہ زندگی کے معاملات خود انجام دے سکیں اور معاشرے کا فعال حصہ بن سکیں۔مہمانِ خصوصی آزاد علی تبسم نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایات کے مطابق خصوصی افراد کی سہولت، بحالی اور خود کفالت حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد ہماری توجہ اور خدمت کے زیادہ حقدار ہیں، حکومت انہیں معاشی و سماجی طور پر مضبوط بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، اور الیکٹرک بائکس کی فراہمی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ تقریب کے دوران بچوں اور بچیوں کی بھی حوصلہ افزائی کی گئی اور انہیں تعلیم و تربیت کے مواقع فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ سوشل ویلفیئر حکام نے بتایا کہ ایسے فلاحی پروگرام آئندہ بھی جاری رہیں گے تاکہ خصوصی افراد کو زندگی کے ہر شعبے میں سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔شرکا نے حکومتِ پنجاب کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے خصوصی افراد کی خودمختاری میں اضافہ ہوگا اور وہ معاشرے میں باوقار انداز سے اپنا کردار ادا کر سکیں۔




