کوئی بھی عوامی شکایت زیر التواء نہیں رہنی چاہیے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) قائمقام ڈائر یکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند نے حکم دیا ہے کہ کسی بھی فورم سے موصول ہونے والی کوئی بھی عوامی شکایت زیر التوا نہیں رہنی چاہیئے اس سلسلے میں ون ونڈو کائونٹر، چیف منسٹر پنجاب کمپلینٹ سیل، پاکستان سٹیزن پورٹل، ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ،دیگر ذرائع یا براہ راست موصول ہونیوا لی عوامی شکایت کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اس کا تیز رفتاری سے اطمینان بخش ازالہ کرنے کو اولین ترجیح دیں جبکہ عوامی شکایت ایف ڈی اے سے متعلقہ نہ ہونے کی صورت میں اگلے ہی لمحے جواب ارسال کریں۔ انہوں نے یہ حکم ایک اجلاس کے دوران عوامی شکایات کی تفصیلات اور ان کے ازالہ کی صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے جاری کیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ، ڈائریکٹر ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ سہیل مقصود پنوں، ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ عدنان شہزاد، ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی عثمان رامے، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹان پلاننگ اقرا مرتضی دیگر افسران موجود تھے۔ قائمقام ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے عوامی شکایات کی تفصیلات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ ایف ڈی اے کی سروسز کو ”کمپلینٹ فری” بنانے کے لئے جدید اصلاحات کے فوائد درخواست گزاروں تک پہنچانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اس سلسلے میں تمام شعبے مستعد انداز میں فرائض انجام دیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کسی بھی پبلک کمپلینٹ کو نمٹانے کے حوالے سے اگر یادھانی کے خطوط موصول ہوئے تو متعلقہ شعبوں کے افسران کو جواب دہ ہونا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایف ڈی اے کے دائرہ اختیار میں آنے والے عوامی مسائل کے حل میں تاخیر نہیں ہونی چاہیئے جبکہ غیر متعلقہ شکایات متعلقہ فورم کے سپرد کریں۔ قائمقام ڈی جی ایف ڈی اے نے شعبہ جاتی انچارج افسران کو تاکید کہا کہ وہ عوامی شکایات کے فی الفور ازالہ کو یقینی بنانے کے لئے سٹاف کی کارگردگی کی کڑی مانیٹرنگ جاری رکھیں اور عدم توجہی یا فرائض میں غفلت برتنے والے سٹاف کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں