انتظامیہ کی مجرمانہ خاموشی،جڑانوالہ میں گیس ری فلنگ کا دھندہ جاری

جڑانوالہ(صابر گھمن سے)تحصیل انتظا میہ کی مبینہ مجرمانہ خاموشی کے باعث گنجان آباد علاقوں میں جگہ جگہ غیر معیاری سلنڈروں میں گیس ریفلینگ کا دھندہ بلا خوف و خطر جاری، پرائیو یٹ سکولز، بینکوں کی بلڈنگز کیساتھ قائم ملحقہ دکانوں میں گیس ریفلینگ کسی بھی وقت بڑے جانی و مالی نقصان کا سبب بن سکتی ہے،عوامی سماجی حلقوں کا اس گھمبیر صورتحال کا فی الفور نوٹس لینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق تحصیل انتظامیہ کی مبینہ مجرمانہ غفلت کے باعث شہریوں کی زندگیاں دائو پر لگ چکی ہے جڑانوالہ ریلوے اسٹیشن روڈ،جھمرہ روڈ، میلا د چوک،لاہور روڈ،جڑانوالہ سیدوالا روڈ، 240موڑ سمیت درجنوں مقامات پر قائم گیس ریفلینگ کی دکانوں میں ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے حفاظتی اقدامات نہ ہونے کے برابر ہے گیس ریفلینگ کا کاروبار کرنے والے متعدد دکانداروں کے پاس گیس کی ریفلنگ سے قبل سلنڈر کی کوالٹی معیار کو چیک کرنے کے بھی مناسب انتظامات نہ ہیں فیصل آباد روڈ اور جھمرہ روڈ پر پر قائم پرائیویٹ سکولز اور بینکوں کی عمارتوں کیساتھ قائم گیس ریفلینگ کی دکانیں کسی بھی وقت بڑے انسانی و جانی نقصان کا سبب بن سکتی ہیں قبل ازیں بھی گیس ریفلینگ کے دوران رونما ہونیوالے حادثات میں بیشتر انسانی جانیں ضائع ہو چکی ہے اور درجنوں افراد جھلس چکے ہیں موجودہ صورتحال میں مذکورہ مقامات پر گیس ریفلینگ کا دھندہ جاری رہنا انتہائی افسوناک امر ہے۔ عوامی سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ مذکورہ مقامات پر گیس ریفلینگ کی دکانوں کی مناسب چیکنگ نہ ہونا متعلقہ اداروں کی مبینہ ملی بھگت کو عیاں کو عیاں کرتا ہے اور مذکورہ دکانوں ایس او پیز کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔ عوامی سماجی حلقوں کا کہنا ہے متعلقہ اداروں نے مبینہ طور پر مذکورہ دکانداروں کیساتھ گٹھ جوڑ قائم کیا ہوا ہے اور اکا دکا کارروائی کرکے سب اچھا کی رپورٹ ارسال کی جا رہی ہے۔ عوامی سماجی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف،کمشنر،ڈپٹی کمشنر، آر پی او، سی پی او فیصل آباد اور اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی اور گیس کی ریفلینگ کے دھندہ میں ملوث دکانداروں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں