کسی تاجر کیساتھ کوئی زیادتی برداشت نہیں کی جائیگی،RPOسہیل اختر سکھیرا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)سپریم انجمن تاجران کے وفد نے صدر حاجی اسلم بھلی کی قیادت میںریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا سے ملاقات کی اور انہیں تاجروں کے مسائل سے آگاہ کیا’ وفد میں سپریم انجمن تاجران کے جنرل سیکرٹری رانا ایوب منج’ سینئروائس چیئرمین رانا محمد سکندراعظم خاں’ وائس چیئرمین شیخ آصف انوار’ چیف آرگنائزر حاجی محمد عابد’ غلہ منڈی کے صدر میاں آصف اسلم’ گول کچہری بازار کے صدر رانا اکرام اللہ خاں’ کارخانہ بازار کے صدر میاں اختر محمود’ چنیوٹ بازار کے صدر ملک شاہد رسول’ گول کریانہ کے جنرل سیکرٹری شیخ محمد فاضل’ افغان چوک ریل بازار کے صدر عبدالرحمن مانی’ جنرل سیکرٹری مرزا محمد اعظم’ ریلوے روڈ کے جنرل سیکرٹری آفتاب بٹ’ بانو بازار کے صدر مرزا شہباز’ شیخ ابرار شامل تھے’ RPO سہیل اختر سکھیرا نے تاجروں کے وفد کا گرمجوشی سے استقبال کیا اور انہیں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا’ آرپی او سہیل اختر سکھیرا نے کہا کہ تاجر طبقہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے’ پنجاب پولیس ان کے محکمہ پولیس سے متعلق تمام مسائل احسن طریقے سے حل کرے گی’ آپ نشاندہی کریں انشاء اللہ آپ کی امنگوں کے مطابق حل ہوگا’ انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ کسی تاجر کو بلاوجہ تنگ نہ کیا جائے’آرپی او سہیل اختر سکھیرا نے کہا کہ پولیس عوام کی خادم ہے اور انصاف کی بروقت فراہمی اولین ترجیح ہے’ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس تاجروں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے میں سرگرم عمل ہے’ کسی تاجر کے ساتھ کسی قسم کی کوئی زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی’ اس موقع پر سپریم انجمن تاجران کے صدر حاجی اسلم بھلی نے آرپی او سہیل اختر سکھیرا کے حسن اخلاق کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے جس طرح ہمیں پذیرائی دی ہے وہ قابل ستائش ہے’ آپ کے حسن اخلاق کی وجہ سے ہمارے آدھے مسائل حل ہو گئے ہیں’ انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ آپ اپنی تعیناتی کے دوران تاجروں کو درپیش مسائل سے چھٹکارا دلائیں گے اور انہیں زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کریں گے’ انہوں نے کہا کہ ہم میں سے کسی کا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں ہے’ ہم بھی آپ کی طرح عوامی خدمت کر رہے ہیں’آپ متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز کو باور کروا دیں کہ جب بھی ہمارا کوئی تاجر ان کے مسائل کسی مسئلے کے سلسلہ میں جائے تو وہ بھی آپ کی طرح ان سے حسن سلوک کے ساتھ پیش آئے اور میرٹ پر ان کا کام کرے’میٹنگ کے آخر پرآرپی او سہیل اختر سکھیرا نے وفد کے تمام شرکاء سے مصافحہ کیا اور انہیں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں