لاہور (بیوروچیف) بورڈ آف ریونیو نے بیع زبانی (زبانی طور پر) انتقالات پر عائد پابندی میں نرمی کر دی ہے، جس سے متاثرہ افراد کو بڑی سہولت ملے گی۔ 30دسمبر کو بیع زبانی انتقالات پر پابندی عائد کی گئی تھی، لیکن اب اس پابندی میں نرمی کے حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ بورڈ آف ریونیو کی ہدایت کے مطابق پابندی سے قبل شروع کیے گئے بیع زبانی انتقالات کا عمل مکمل کیا جائیگا۔ مزید برآں 30 دسمبر 2025سے قبل درج زبانی انتقالات کی توثیق بھی کی جائے گی۔کمپیوٹرائزڈ مواضعات کے انتقالات کی تصدیق 20فروری تک مکمل کرنا لازمی ہے۔ اسی طرح مینول مواضعات کی فہرستیں تیار کر کے متعلقہ دفاتر میں جمع کرانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنرز زبانی انتقالات کا مکمل ریکارڈ مرتب کریں گے اور تصدیقی عمل مکمل کر کے 25فروری تک تعمیلی رپورٹ جمع کرائیں گے۔واضح رہے کہ زرعی قرضوں کے رہن سے متعلق انتقالات پر پابندی عائد نہیں کی گئی۔




