الیکشن میں کامیابی پر شاہد علی گروپ کااظہار تشکر،فیصل آباد پریس کلب میں جشن

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) الیکشن میں شاہد علی گروپ کے امیدواروں کی شاندار کامیابی پر اظہارِ تشکر کے لیے پریس کلب میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کی صدارت گروپ لیڈر شاہد علی نے کی، جبکہ سینئر صحافی ریاض ملک، سابق صدر مقبول احمد لودھی، چیئرمین الیکشن کمیشن میاں بشیر اعجاز، نومنتخب صدر سردار بلال ڈوگر اور گروپ لیڈر ایڈیٹر کونسل زاہد مان بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہد علی نے کہا کہ فیصل آباد پریس کلب کے دروازے ہمیشہ مذاکرات، مشاورت اور مثبت سوچ کے لیے کھلے ہیں، ہم اختلافِ رائے کو برداشت کرنا جانتے ہیں اور ادارے کے مفاد کو ذاتی مفادات پر ترجیح دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پریس کلب محض ایک عمارت نہیں بلکہ صحافیوں کی مشترکہ شناخت ہے، جہاں جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں اور ادارے کو پاکستان کے بہترین کلبوں کی صف میں شامل کیا گیا ہے۔بعد ازاں سینئر صحافی ریاض ملک نے کہا کہ الیکشن میں 82فیصد ٹرن آئوٹ ممبران کے بھرپور اعتماد کا مظہر ہے، جو نئی قیادت سے وابستہ بڑی توقعات کا ثبوت ہے، اور انہوں نے امید ظاہر کی کہ موجودہ قیادت صحافیوں کی فلاح و بہبود اور پیشہ ورانہ ترقی کے لیے موثر کردار ادا کرے گی۔اس موقع پر نومنتخب صدر سردار بلال ڈوگر نے کہا کہ وہ اس عہدے کو اعزاز اور بھاری ذمہ داری سمجھتے ہیں اور اسے عبادت سمجھ کر نبھائیں گے، وہ پوری دیانت، محنت اور خلوص کے ساتھ صحافی برادری کی خدمت کریں گے۔ انہوں نے شاہد علی، ریاض ملک، زاہد مان اور ظفر ڈوگر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تمام ووٹرز کے اعتماد پر اظہارِ تشکر کیا اور کہا کہ ان کی اولین ترجیح صحافیوں کے مسائل کا فوری حل، نوجوان صحافیوں کی تربیت اور پریس کلب کے وقار کو مزید بلند کرنا ہے۔دیگر مقررین میں سیکرٹری شوکت علی وٹو نے ممبران کے اعتماد پر پورا اترنے کے عزم کا اظہار کیا، سینئر نائب صدر میاں کاشف فرید نے اتحاد اور مشاورت سے کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا، جبکہ فنانس سیکرٹری رانا محسن فاروق نے صحافی کالونی کے منصوبے میں رکاوٹ بننے والوں کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کو سیاسی مفادات سے بالاتر رکھا جائے اور صحافی برادری کے نقصان کی وجہ نہ بنیں۔ سابق صدر مقبول احمد لودھی نے پریس کلب کی ماضی کی جدوجہد کو سراہا، جبکہ میاں بشیر اعجاز نے شفاف انتخابات کے انعقاد پر ممبران کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء نے نومنتخب قیادت کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی، نقابت کے فرائض حنان بخاری نے ادا کیے جبکہ نائب صدور سردار زاہد ڈوگر’ محمد کاشف، جوائنٹ سیکرٹریز عدیل مان اور علی رضا ملک، انفارمیشن سیکرٹری افشاں بتول، ایگزیکٹو ممبران سید ذاکر حسین، منیبہ فاطمہ، رمشا طارق، ملک شوکت تبسم، ارشد انصاری، حماد ملک، ابرار حبیبی، رانا علی حسن، رانا توصیف یوسف، رانا زاہد محمود، رانا ندیم اختر، رانا محمد فضیل، فہیم مشتاق کھنہ، ملک وحید،رانا سجاد مصطفائی سمیت صحافی برادری کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔اختتام پر 1968 سے اب تک وفات پا جانے والے صحافیوں کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں