فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) قائمقام ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند نے حکم دیا ہے کہ ”ای بز پنجاب” پورٹل پر محکمانہ سروسز کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ یا تعطل نہیں آنا چاہیئے اس سلسلے میں مستعد محکمانہ کارروائی کے ذریعے موصول ہونیوالی درخواستوں کو بلا تاخیر نمٹایا جا ئے۔ وہ ایک اجلاس کے دوران”ای بز پنجاب” پورٹل پر محکمانہ سروسز کی فراہمی کے امور کا جائزہ لے رہے تھے۔ ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ، ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی عثمان رامے، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ اقرا مرتضیٰ ودیگر افسران اس موقع پر موجود تھے۔ قائمقام ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ حکومت پنجاب آسان کاروبار کے لئے متعلقہ محکموں کی سروسز کی فراہمی کے حوالے سے”ای بز پنجاب” کے منصوبے پر عمل پیرا ہے اور اس پورٹل پر موصول ہونے والی درخواستوں پر محکمانہ کارروائی کی صوبائی سطح پر مانیٹرنگ کی جارہی ہے لہٰذا ایف ڈی اے کے حوالے سے کوئی درخواست بلاوجہ زیر التوا نہیں رہنی چاہیئے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ آن لائن سروسز کا مکمل نظام ہمہ وقت فعال رہناچاہیئے اور مختلف فیسوں / واجبات کی آن لائن وصولی اور متعلقہ دستاویزات میں کوئی ابہام نہیں ہوناچاہیئے۔ اس مو قع پر بتایاگیا کہ ”ای بز پنجاب” پورٹل کے ذریعے زمینوں کے استعمال میں تبدیلی (لینڈ یوز کنورژن) عمارات کے نقشہ جات اور تعمیرات کے اجازت ناموں کا اجرا کیا جا رہا ہے۔ قائمقام ڈائریکٹر جنرل نے ہدایت کی کہ متعلقہ افسران محکمانہ سروسز کی فراہمی کے تمام عمل کی کڑی مانیٹرنگ کریں اور درخواست کے ہمراہ کسی قسم کی دستاویزی کمی، قانونی رکاوٹ یا پالیسی کے برخلاف ہونے کی صورت میں درخواست گزاروں کو فوری آگاہ کیا جائے۔




