فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کی روشنی میں رمضان المبارک کی آمد کے پیشِ نظر شہر بھر کو خصوصی رمضان تھیم کے مطابق سجایا جائے گا۔یہ بات ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصرنے رمضان المبارک کے انتظامات کے حوالے سے اسسٹنٹ کمشنرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز کے علاوہ ضلع کونسل، میونسپل کارپوریشن، پی ایچ اے اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ شہر بھر کو رمضان تھیم کے مطابق خوبصورت بنایا جائے گااور ہر تحصیل میں ایک بازار کو رمضان تھیم کے تحت برقی قمقموں اور خوبصورت آرائش سے شاندار انداز میں سجایا جائے تاکہ شہریوں کو خوشگوار اور روح پرور ماحول میسر آ سکے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رمضان سہولت بازاروں میں صفائی کے بہترین انتظامات، شہریوں کے لیے مناسب بیٹھنے کی جگہ اور واش رومز کی باقاعدہ صفائی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ عوامی سہولت کے اقدامات میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔مخیر حضرات کے تعاون سے سحری و افطاری کے منظم اور بہتر انتظامات کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہسپتالوں میں زیرِ علاج مریضوں کے لواحقین کے لیے سحری و افطاری کے دوران آرام دہ بیٹھنے کے خصوصی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی۔انہوں نے مرکزی شاہرائوں پر سٹریٹ لائٹس فوری طور پر فعال رکھنے اور روشنی کے نظام کو مکمل طور پر بحال رکھنے کا حکم دیا۔ مزید برآں تحصیل سطح پر ویجیلنس ٹیمیں قائم کرنے کی ہدایت کی گئی تاکہ رمضان المبارک کے دوران انتظامات کی مسلسل نگرانی کی جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ رمضان المبارک میں شہریوں کے لیے مثبت سرگرمیوں کے فروغ کی غرض سے فلڈ لائٹس کے تحت سپورٹس ایونٹس کا انعقاد بھی کیا جائے تاکہ نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جا سکے۔ضلعی انتظامیہ رمضان المبارک میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف اور سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔




