زرعی یونیورسٹی میں پررونق گڑ میلے کا انعقاد،وائس چانسلر نے افتتاح کیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں ایک پررونق گڑ میلے کا انعقاد کیا گیا جس میں دیہی ثقافت کے رنگ اور روایتی لوک ورثے کی بھرپور عکاسی کی گئی۔ اس تقریب کا افتتا ح وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے ایڈ یشنل سیکرٹری ہیلتھ شہباز حسین نقوی، غازی ہونیورسٹی کے وائس چانسلر اشفاق چٹھہ، دی یونیورسٹی آف فیصل آباد کے ریکٹر امان اللہ ملک، ڈائریکٹر فاسٹ ڈاکٹر محمد شہزاد، صومالیہ سے عبدالرحمان، چیف سائنٹسٹ ایوب ریسرچ ڈاکٹر قمر شکیل، پرنسپل آفیسر سٹوڈنٹ افئیر زرعی یونیورسٹی ڈاکٹر ریاض ورک اور سینیئر ٹیوٹر ڈاکٹر شوکت علی کے ہمراہ افتتاح کیا۔ میلے میں طلبہ، اساتذہ اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی جہاں انہیں روایتی گڑ اور مقامی ذائقوں سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملا۔اس موقع پر روایتی لباس پہنے طلبہ نے مختلف اسٹالز سجائے تھے جن پر ساگ، مکئی کی روٹی، لسی اور روایتی مٹھائیاں دستیاب تھیں۔ میلے میں آنے والے افراد نے خاص طور پر گڑ بنانے کے لائیو عمل اور تازہ نامیاتی مصنوعات میں گہری دلچسپی لی۔پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایسے میلے نہ صرف دیہی ثقافت کا جشن ہیں بلکہ یہ گڑ کے غذائی اور معاشی فوائد کے بارے میں آگاہی بھی فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نئی نسل کو اپنی ثقافت سے جوڑے رکھنے کے لیے مقامی روایات کو فروغ دینا ضروری ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ گنا پاکستان کی اہم فصل ہے اور گڑ کی تیاری دیہی معیشت کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ تاریخی ورثے کے تحفظ کا ذریعہ بھی ہے انہوں نے طلبہ میں کاروباری صلاحیتیں نکھارنے پر زور دیا انہوں نے بدلتے ہوئے طرز زندگی کے پیش نظر سادہ اور غذائیت سے بھر پور خوراک کو اپنانے کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں