اس سال فیصل آباد سے سعودی عرب تک براہ راست حج پروازوں کا سلسلہ شروع کیا جائیگا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)ایران، عراق اور شام کی زیارات کی طرح اندرون پاکستان مذہبی ٹورازم کے فروغ کیساتھ ساتھ اِس سال فیصل آ باد سے سعودی عرب تک براہ راست حج پروازوں کا سلسلہ بھی شروع کیا جائے گا۔ یہ بات وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین ا لمذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کہی جس میں رجسٹرڈ زائرین گروپ آرگنائزر ز میں سر ٹیفکیٹ بھی تقسیم کئے گئے۔ انہوں نے رجسٹر ڈ زائرین گروپ آرگنائزرکو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ دراصل زائرین کی خدمت کرنے کا عہد اور عزم ہے جس کے تحت وہ زائرین کو سفر اور رہائش سمیت اُن کی دیگر بنیادی سہولتوں کو یقینی بنائیں گے۔ انہوںنے کہا کہ جن درخواست دہندگان کے کاغذات کی کلیئرنس نہیں ہو سکی اُن کو بھی جلد رجسٹرکرنے کی کوششیں کی جائیں گی تاکہ نئے گروپوں کے ساتھ ساتھ پرانے اور تجربہ کار ٹور آپریٹرز بھی یہ خدمات سر انجام دے سکیں۔ انہوںنے اس بات کی سختی سے تردید کی کہ مذہب کی وجہ سے دہشت گردی ہو رہی ہے کیونکہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔ انہوں نے ملک و قوم میں ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اس سلسلہ میں بزنس کمیونٹی کو بھی اپنا کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا۔ فیصل آباد میں حاجی کیمپ کے قیام کے مطالبے پر وفاقی وزیر نے کہا کہ اس تجویز کا جائزہ لیا جائے گا تاہم اب زیادہ تر عازمین حج کیمپوں میں قیام کی بجائے براہ راست ائیر پورٹس پر پہنچے کو ترجیح دیتے ہیں۔ اس سے قبل فیصل آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے فیصل آباد اور فیصل آباد چیمبر کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ حکومت اور نجی شعبہ میں باہمی بداعتمادی کو دور کرنے کی ضرورت ہے تاکہ مسائل کو حل کرکے ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔تقریب سے زائرین گروپ آرگنائزرکے کمیونٹی ہیڈ ندیم اقبال نے بھی خطاب کیا جبکہ سینئر نائب صدر نوید اکرم شیخ نے مہمانوں کا شکریہ اد اکیا ۔ آخر میں صدر فاروق یوسف شیخ نے گروپ لیڈر میاں جاوید اقبال کے ہمراہ وفاقی وزیر کو چیمبر کی اعزازی شیلڈ پیش ۔ وفاقی وزیر نے چیمبر کی مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے اور گروپ فوٹو بھی بنوایا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں