فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)سیدنا امیر معاویہ رضی اللہ عنہ رقبہ کے لحاظ سے اسلام کے سب سے بڑے خلیفہ اور امیر المومنین ہیں۔ سیدنا امیرمعاویہ کی سیرت ہمارے لئے مینارہ نور ہے۔ آپ کا دور خلافت مسلمانوں کیلئے خصوصا مسلم حکمرانوں کیلئے مشعل راہ ہے۔ آپ کی سیرت پر عمل پیرا ہوکر ہم دنیا اور آخرت کی فلاح حاصل کرسکتے ہیں۔ سیدنا امیرمعاویہ کے دور خلافت میں سب سے زیادہ علاقے فتح ہوئے۔سیدنا امیرمعاویہ 22لاکھ 64ہزار مربع میل پر حکمران رہے ہیں۔ آپ نے پہلی مرتبہ جنگی بحری بیڑہ تیار کیا اور قبرص کو فتح کیا۔ جس کی بشارت حضور اکرمۖ نے بھی دی تھی۔ اس لحاظ سے پاک بحریہ سیدنا امیرمعاویہ کی مرہون منت ہے۔ سیدنا امیرمعاویہ کی ہمشیرہ سیدہ ام حبیبہ رضی اللہ تعالی عنہا حضور اکرمۖ کی زوجہ ور ام المومنین ہیں۔ حضوراکرمۖ کی سیدنا امیرمعاویہ سے بہت محبت تھی۔ ان خیالات کا اظہارسنی علما کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ محمد احمد لدھیانوی نے غلام محمد آباد میں کاتب وحی کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ کاتب وحی کانفرنس سے قائد فیصل آباد مولانا حبیب الرحمن صدیقی، مولانا رب نواز حنفی، مولانا عبدالجبار حیدری، محمد نعیم انصاری، مولانا محمدعثمان تقی، میاں عارف طاہر اور دیگران نے بھی خطاب کیا۔ علامہ احمد لدھیانوی نے مزید کہا کہ سانحہ ترلائی کی آڑ لیکر جنہوں نے پاکستان مردہ باد کا نعرہ لگایا اور فوج ، ریاستی اداروں اور محب وطن قائدین کے خلاف زہراگلا ان کیخلاف بھی کاروائی کی جائے۔




