رمضان المبارک کی آمد،گداگروں نے جگہ جگہ ڈیرے جما لئے

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) رمضان المبارک کی آمد سے قبل شہر بھر میں پیشہ ور بھکاریوں کی سرگرمیاں عروج پر، انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان۔ رمضان المبارک قریب آتے ہی ٹوبہ ٹیک سنگھ میں پیشہ ور بھکاری ایک بار پھر متحرک ہو گئے ہیں، جو مارکیٹوں، لاری اڈوں، ریلوے اسٹیشن، ہسپتالوں اور دیگر عوامی مقامات پر معذوری اور غربت کا ڈھونگ رچا کر شہریوں سے پیسے بٹورنے میں مصروف ہیں۔ ذرائع کے مطابق سوشل ویلفیئر، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے ان پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف موثر کارروائی کرنے کے بجائے مبینہ طور پر غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ عارضی گرفتاری کے بعد بھکاریوں کو دوبارہ چھوڑ دیا جاتا ہے جبکہ ان کے نیٹ ورک کو سہولت دینے والے بااثر افراد مبینہ طور پر افسران اور ملازمین کو نذرانے دے کر قانونی کارروائی کو غیر موثر بنا دیتے ہیں۔ شہریوں کے مطابق اس صورتحال کے باعث اصل مستحق اور حقدار افراد امداد سے محروم رہ جاتے ہیں۔ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ نہ صرف پیشہ ور بھکاریوں بلکہ ان کے پیچھے موجود نیٹ ورک اور سرپرست عناصر کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ یہ دھندا جڑ سے ختم ہو اور رمضان المبارک کے تقدس کو برقرار رکھا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں