صحافی برادری کے حقوق کے تحفظ کیلئے متحد ہوکر جدوجہد کرنا وقت کی ضرورت ہے ،شاہد علی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پریس کلب کی نومنتخب کابینہ کا پہلا تعارفی اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت صدر بلال ڈوگر نے کی جبکہ سیکرٹری شوکت وٹو نے اجلاس کی کارروائی کا باقاعدہ آغاز کیا، اجلاس میں گروپ لیڈر شاہد علی نے خصوصی شرکت کرتے ہوئے نومنتخب کابینہ کو مبارکباد دی اور اپنے خطاب میں کہا کہ صحافی برادری کی عزت، وقار اور حقوق کے تحفظ کے لیے متحد ہو کر جدوجہد کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پریس کلب کو ایک مضبوط، باوقار اور فعال ادارہ بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا اور ممبران کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا، اجلاس میں آئندہ انتخابات بائیو میٹرک سسٹم کے تحت کرانے، رمضان المبارک کے آخری عشرے میں فیملی فیسٹیول کے انعقاد، صحافی کالونی کو یک نکاتی ایجنڈا قرار دے کر اس کی تکمیل اور مختلف کمیٹیوں کی تشکیل جیسے اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی، اس موقع پر صدر بلال ڈوگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نومنتخب کابینہ صحافی برادری کے حقوق کے تحفظ، ادارے کی ترقی اور ممبران کے مسائل کے مستقل حل کے لیے مربوط حکمتِ عملی کے تحت عملی اقدامات کرے گی، جبکہ سیکرٹری شوکت وٹو نے کہا کہ ہم شفافیت، اتحاد اور نظم و ضبط کو اپنا شعار بناتے ہوئے پریس کلب کو ایک مثالی ادارہ بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے، اجلاس میں سینئر نائب صدر میاں کاشف فرید، نائب صدر زاہد ڈوگر، جوائنٹ سیکرٹریز عدیل مان اور علی رضا ملک، فنانس سیکرٹری رانا محسن فاروق، انفارمیشن سیکرٹری افشاں بتول اور ایگزیکٹو ممبران ذاکر حسین، شاہد محمود، رمشا طارق، رانا ندیم اختر، سجاد مصطفائی، رانا فضیل، شوکت علی تبسم، رانا زاہد اقبال، ارشد انصاری فہیم مشتاق کھنہ ،ملک وحید۔،اور ابرار حبیب نے شرکت کی، جبکہ چیئرمین الیکشن کمیشن میاں بشیر اعجاز احمد اور ان کی ٹیم کو شفاف اور کامیاب انتخابات کے انعقاد پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور اجلاس کے بعد انہوں نے گروپ لیڈر شاہد علی اور ڈائریکٹر انفارمیشن ملک مقبول کے ہمراہ نومنتخب کابینہ کو نوٹیفکیشن بھی جاری کیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں