سرکاری ہسپتالوں کو شکایات فری بنانا ترجیح ہے،کمشنر راجہ جہانگیر انور

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے کہا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں کو شکایات فری بنانا ترجیح ہے جس کیلئے باقاعدگی سے دورے کرکے طبی وانتظامی امور کی جانچ کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر ہسپتالوں میں صا ف ستھرا ماحول بھی یقینی بنانے کے لئے موثر اقداما ت کئے جارہے ہیں اس ضمن میں تمام وارڈز کی جامع واشنگ کا عمل بھی بلاتعطل جاری ہے۔ انہو ں نے الائیڈ ہسپتال ون کا دورہ کیا اور مختلف وارڈز میں جاکر زیرعلاج مریضوں کی عیادت اور ادویات ہسپتال سے ملنے کی تصدیق کی۔انہوں نے واضح کیا کہ کسی مریض کو میڈیسن نہ ملنے کی شکایت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے طبی مشینری کے فعال ہونے کو بھی چیک کیا اورادویات سٹور میں میڈیسن کا سٹاک دیکھا۔کمشنر نے ہسپتال میں صفائی کی صورتحال کا جائزہ بھی لیا اور واش بیسن پر پانی کی دستیابی سمیت صفائی چیک کرتے ہوئے صاف ستھرا ماحول ہمہ وقت برقرار رکھنے کی تاکید کی۔انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبہ میں حکومتی اقدامات کے ثمرات عام مریضوں تک بلارکاوٹ پہنچنے چاہیں اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت یا لاپروائی کی گنجائش نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں