لاہور(بیورو چیف)وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے دھی رانی پروگرام کے تحت ضلع اوکاڑہ میں اجتماعی شادیوں کی چوتھی پروقار تقر یب منعقد ہوئی جس میں 90بیٹیوں کے شرعی فریضہ کی ادائیگی انجام پائی۔ تقریب میں صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال سہیل شوکت بٹ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر ممبران صوبائی اسمبلی میاں محمد منیر، چوہدری غلام رضا ربیرہ ، شگفتہ فیصل، لیگی رہنما را محمد اجمل، اے ڈی سی ایف اینڈ پی چوہدری عبدالجبار گجر، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اشتیاق خان سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔وزیراعلی پنجاب کی جانب سے شادی شدہ جوڑوں کو 2 لاکھ روپے سلامی کے اے ٹی ایم کارڈز بھی دئیے گئے۔ صوبائی وزیر نے متوسط گھرانوں کی بیٹیوں کے سر پر دستِ شفقت رکھتے ہوئے انہیں رخصت کیا۔ اجتماعی شادیوں کی خوشی میں سٹیج پر روایتی بھنگڑے کی پرفارمنس بھی پیش کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ دھی رانی پروگرام سوشل سیکٹر کا ایک جامع منصوبہ ہے جو پنجاب کے متوسط گھرانوں کی بیٹیوں کی عزت اور تحفظ کا ضامن بن چکا ہے۔




