کچے میں ڈاکوئوں کے خلاف آپریشن تیز

رحیم یار خان / راجن پور(نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس عبدالکریم نے کہا ہے کہ کچہ ایریا میں پنجاب پولیس کی مؤثر اور بلا تعطل کارروائیوں کے نتیجے میں اب تک 577 سے زائد خطرناک مجرمان اور ڈاکو ہتھیار ڈال چکے ہیں، جبکہ ہتھیار نہ ڈالنے اور ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کے خلاف اعلانِ جنگ کیا جا چکا ہے، انہوں نے واضح کیا کہ پولیس کسی کے سرنڈر کرنے کا انتظار نہیں کر رہی بلکہ امن کے قیام کے لیے پوری قوت سے کارروائیاں جاری ہیں۔ان خیالات کا اظہار آئی جی پنجاب نے جنوبی پنجاب کے دورے کے دوران کچہ ایریاز کا تفصیلی معائنہ کرتے ہوئے میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ اپنے دورہ رحیم یار خان اور راجن پور کے موقع پر انہوں نے کچہ ایریاز میں قائم پولیس کیمپس، چیک پوسٹس اور اگلے مورچوں کا دورہ کیا، جہاں سکیورٹی انتظامات، نفری، اسلحہ و ایمونیشن، ڈرون اور تھرمل ٹیکنالوجی کے ذریعے نگرانی کے عملی مظاہرے بھی دیکھے۔اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب محمد کامران خان، آر پی او بہاولپور غازی محمد صلاح الدین، آر پی او ڈی جی خان اظہر اکرم، ڈی پی او رحیم یار خان عرفان علی سموں اور ڈی پی او راجن پور محمد عمران سمیت دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات اور ویژن کے تحت کچہ میں پولیس آپریشن بلا تعطل جاری ہے۔ ان کارروائیوں کے نتیجے میں علاقے سے خوف اور دہشت کا خاتمہ ہو چکا ہے اور گزشتہ تین ماہ سے اغواء کا کوئی واقعہ رپورٹ نہیں ہوا جو پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ کوششوں کا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ کچہ آپریشن میں حاصل ہونے والی کامیابیوں میں پولیس کے شہداء کا قیمتی خون شامل ہے جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ امن و امان کی صورتحال کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا اور کچہ ایریا میں پولیس کی ضروریات کے مطابق مزید تعمیرات، پولیس کیمپس، چیک پوسٹس اور مورچوں کو مکمل کیا جائے گا۔ آئندہ کے لیے ایک جامع اور مؤثر حکمت عملی بھی ترتیب دی جا رہی ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔قبل ازیں آر پی او بہاولپور نے آئی جی پنجاب کو کچہ آپریشن، بحالی پروگرام اور مجموعی امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی، جس میں بتایا گیا کہ پولیس مقابلوں کے دوران 68 ڈاکو ہلاک، 97 زخمی حالت میں گرفتار ہوئے جبکہ سر کی قیمت رکھنے والے 15 کریمینلز سمیت 216 سے زائد خطرناک ڈاکوؤں نے سرنڈر کیا۔ مزید برآں متعدد کچہ کریمینلز کو مقابلوں میں ہلاک یا گرفتار بھی کیا گیا۔دورہ راجن پور کے دوران آئی جی پنجاب نے پولیس پوسٹس پر تعینات جوانوں سے ملاقات کی، ان کے ساتھ کھانا کھایا اور ان کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کو سراہا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کچہ ایریا میں تعینات پولیس ملازمین کی ویلفیئر کے لیے بھرپور اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ کامیاب کچہ آپریشن کے نتیجے میں امن و استحکام کی بحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے۔ حکومت پنجاب کی جانب سے کچہ ایریا میں تعلیم، صحت اور بنیادی انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے خصوصی ریلیف پیکج کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق کچہ ایریا کو مکمل طور پر امن کا گہوارہ بنایا جائے گا، جہاں جرم ہوگا وہاں پولیس اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور ریاستی رٹ ہر قیمت پر یقینی بنائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں