غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی اشدضروری ہے

اسلام آباد (بیوروچیف) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ وزیراعظم واشنگٹن میں ہونے والے غزہ امن بورڈ اجلاس میں شرکت کرکے صدر ٹرمپ کے امن منصوبے کی حمایت کریں گے،غزہ کی تعمیرنو اور انسانی امداد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں فلسطین کے حوالے سے اجلاس ہوا، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے غزہ میں اسرائیلی بربریت اور سیز فائر کی خلاف ورزیوں پر روشنی ڈالی۔اسحاق ڈار نے اسرائیلی جارحیت بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان غزہ میں جنگ بندی کی اسرائیلی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتا ہے، اسرائیل مسلسل سیز فائر کی خلاف ورزی کر رہا ہے، انہوں نے زور دیا کہ سیز فائر کا احترام کیا جانا چاہیے۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے مستقل امن کے لیے باہمی احترام پر مبنی سفارت کاری کو ضروری قرار دیا اور واضح کیا کہ فلسطینی اتھارٹی کا مرکزی کردار تمام صورتحال میں لازم و ملزوم ہے، فلسطینیوں کے حق خودارادیت کا احترام کیے بغیرکوئی حل قابل عمل نہیں۔ نائب وزیراعظم نے غزہ سے فلسطینیوں کو بیدخل کرنے کے اسرائیلی اقدام کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ یادرہے کہ وزیراعظم شہباز شریف غزہ امن بورڈ میں شرکت کے لیے امریکا پہنچ گئے ہیں، وزیراعظم کی امریکی قیادت اور عالمی رہنمائوں سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں