سڈنی (سپورٹس نیوز)آسٹریلیا کے لیجنڈ کرکٹر اور سابق کپتان مائیکل کلارک نے بھارت سے عبرتناک شکست کے بعد پاکستان کے سینئر کرکٹرز کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ بھارت کافی عرصے سے پاکستانی ٹیم سے بہت آگے ہے اور اب یہ فاصلہ مزید بڑھ چکا ہے ۔کینگرو ٹیم کے سابق کپتان نے بھارتی ٹیم کے ہاتھوں پاکستانی کرکٹرز کی رسوائی کے بعد زبردست بیان دیتے ہوئے کہا کہ مجھے نہیں پتا کہ پاکستان نے کیا کیا تاہم پاکستان کے کچھ سینئر پلیئرز کیلئے یہ آخری ورلڈکپ اور آخری موقع تھا۔مائیکل کلارک نے کہا کہ میرے خیال میں دونوں ٹیموں کے درمیان بہت بڑا گیپ ہے، بھارت کافی عرصے سے پاکستانی ٹیم سے بہت آگے ہے اور اب یہ فاصلہ مزید بڑھ چکا ہے۔انھوں نے کہا کہ اگر آپ پاکستان کو دیکھیں تو ان کے چند سینئر پلیئرز اچھا کھیلتے تھے مگر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی بات کی جائے تو یہ ان کا آخری موقع، آخری ورلڈکپ تھا۔مائیکل کلارک نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ نوجوان اور نئے پلیئرز کیلئے پی ایس ایل کو دیکھ سکتے ہیں وہاں سے انھیں نیا ٹیلنٹ مل سکتا ہے۔




