پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں اپنی موجودگی مؤثر بنائیں،ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کی روشنی میں ضلع فیصل آباد میں پرائس کنٹرول میکنزم پر بھرپور عملدرآمد جاری ہے۔ عوام کو ریلیف کی فراہمی اور اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ متحرک ہے۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی ہدایت پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے ضلع بھر کی مارکیٹوں اور بازاروں میں مجموعی طور پر3496۔انسپکشنز کیں۔دورانِ چیکنگ اشیائے ضروریہ کی اوور چارجنگ سے متعلق 243خلاف ورزیاں سا منے آئیں۔قوانین کی خلاف ورزی پر 61 گرانفروشوں کو مجموعی طور پر 2 لاکھ 28 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ سنگین خلاف ورزیوں پر42 دکانیں سیل،69 دکانداروں کو گرفتار جبکہ ایک دکاندار کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے واضح کیا ہے کہ مہنگے داموں اشیائے خورونوش فروخت کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور مصنوعی مہنگائی، ذخیرہ اندوزی اور اوورچارجنگ کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں اپنی موجودگی کو مزید موثر بنائیں اور شہریوں کو ریلیف کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائیں۔ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ گرانفروشی کی صورت میں فوری اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں