محتسب ادارہ میں شکایات کم سے کم وقت میں نمٹائی جاتی ہیں،محمد نواز خالد،ڈاکٹر طارق سردار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) دفترِ صوبائی محتسب پنجاب کی جانب سے عوامی آگاہی مہم اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے جاری سرگرمیوں کے سلسلے میں 232رب نزد ستارہ کالونی فیصل آباد میں ایک آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں معززینِ علاقہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایڈوائزرز محتسبِ اعلی پنجاب محمد نواز خالد عاربی اور ڈاکٹر طارق سردار نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے دفتر کی 28سالہ خدمات، عوامی ریلیف کے موثر اقدامات اور شفاف و تیز رفتار تحقیقاتی نظام پر روشنی ڈالی۔ آگا ہی کے دوران عوامی شکایات براہِ راست سنی گئیں اور فردا فردا درخواستیں وصول کی گئیں تاکہ موقع پر رہنمائی اور فوری کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔ ایڈوائزرز نے واضح کیا کہ محتسب ادارہ شہریوں کو بلا خرچ، بلا وکیل، بلا سفارش اور بلا لازم آمد دفتر خالصتا میرٹ پر انصاف کی فراہمی کا مفت، آسان اور شفاف پلیٹ فارم مہیا کر رہا ہے جہاں شکایات کم سے کم وقت میں نمٹائی جاتی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ شہری اپنی شکایات آن لائن پورٹل، موبائل ایپ، واٹس ایپ، بذریعہ ڈاک یا قریبی ریجنل دفاتر کے ذریعے باآسانی درج کرا سکتے ہیں جبکہ دفترِ صوبائی محتسب پنجاب صوبہ بھر میں انصاف کی فراہمی، شفافیت کے فروغ اور سرکاری اداروں میں احتساب کے کلچر کو مضبوط بنانے کے لئے سرگرمِ عمل ہے۔ شرکا نے ان اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی سرگرمیاں عوام میں انصاف، شفافیت اور اچھی حکمرانی پر اعتماد کو مزید مستحکم کرتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں