ریلوے کے بنیادی ڈھانچہ میں بہتری سے اسے منافع بخش ادارہ بنایا جاسکتا ہے،بریگیڈئر(ر)شعیب انور کیانی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)ریلوے کی زمینو ں کی شفاف اور لچکدار لیزنگ سے پاکستان ریلو ے کے بنیادی ڈھانچہ میں بہتری کے ساتھ ساتھ اس کو پائیدار بنیادوں پر منافع بخش ادارہ بنایا جائیگا۔ یہ بات ریلوے اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مارکیٹنگ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بریگیڈیئر (ر) شعیب انور کیانی (ستارہ امتیاز ملٹری) نے آج فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں ریلوے کی مقامی جائیدادوں کے مطابق پریزنٹیشن دیتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں ریلوے کی زمینیں بے کار پڑی ہیں جن کو استعمال میں لاکے ترقی کے نئے مواقع پیدا کئے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 2023ء میں ریلوے کی زمینوں اور پراپرٹی بارے جامع قانو ن بنایا گیا جس میں اس کے استعمال بارے وضاحت کی گئی ہے۔ ریلوے اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مارکیٹنگ کمپنی بارے انہوں نے بتایا کہ اس کی آمدن میں 85فیصد حصہ ریلوے کو اور باقی 15فیصد اس کمپنی کو ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کی زمینوں کو ریونیو شیئرنگ یا پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت مشترکہ منصوبوں کیلئے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے فیصل آباد میں ریلوے کی خالی زمینوں کے بارے میں آگاہ کیا اور بتایا کہ لاہور ڈویژن سمیت فیصل آباد میں پٹرول یا الیکٹر ک چارجنگ اسٹیشنز کیلئے عید کے بعد 27جگہوں کو 21سالہ مدت کیلئے لیز پر دینے کا کام شروع کر دیا جائے گا۔ اس سے قبل فیصل آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے ملکی ترقی میں فیصل آباد کے سماجی، اقتصادی اور سماجی کردار بارے آگاہ کیا اور کہا کہ چیمبر اپنے 22ہزار ممبران کے مسائل حل کرنے کے ساتھ ساتھ شہر کی جامع ترقی کیلئے بھی اپنا بھر پور کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے ریلوے کی زمینوں کے شفاف طریقے سے لیز پر زور دیا اور کہا کہ اس مقصد کیلئے جو بھی ماڈل اختیار کیا جائے وہ شفاف اور قابل بھروسہ ہونا چاہیے۔نائب صدرانجینئر عاصم منیر نے کہا کہ ریلوے اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مارکیٹنگ کمپنی کے بورڈ میں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کو بھی نمائندگی دی جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریلوے ٹریک کے اطراف میں نجی شعبہ کو شجرکاری کیلئے زمین مفت دی جائے تاکہ ماحولیاتی آلودگی کے مسائل پر قابو پایا جا سکے۔ اس موقع پر سوال و جواب کی نشست میں محمد علی، تنویر ریاض، محمد یٰسین اورطاہر بشیرنے حصہ لیا۔ آخر میں سینئر نائب صدر نوید اکرم شیخ نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جبکہ صدر فاروق یوسف شیخ نے بریگیڈیئر (ر) محمد شعیب انور کو چیمبر کی پچاس سالہ گولڈن جوبلی تقریبات کے حوالے سے خصوصی کالر پن لگائی۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ممبران محمد اشرف مغل، عمر فاروق کاہلوں اور طارق محمود قادری بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں