سیوریج واٹر کے دوبارہ استعمال کرنے کے منصوبے پر کام شروع

کمالیہ(نامہ نگار)کمالیہ میں سیوریج کے گندے پانی کو صاف کرکے دوبارہ قابلِ استعما ل بنانے کے منصوبے ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ پر کام تیزی سے جاری ہے ۔ یہ جدید منصوبہ 32 ایکڑ رقبے پر 44کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جا رہا ہے ، جو مکمل ہونے پر روزانہ 4ملین گیلن سیوریج کا پانی صاف کرنے کی صلاحیت رکھتا ہوگا۔منصوبے کے تحت جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گندے پانی کو قابلِ استعمال بنایا جائے گا، جسے زرعی مقاصد خصوصا فصلوں کی آبپاشی کے لیے استعمال میں لایا جا سکے گا۔ اس سے نہ صرف زیرِ زمین پانی کی آلودگی میں نمایاں کمی آئے گی بلکہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے میں بھی مدد ملے گی۔شہریوں نے اس منصوبے کو حکومت کا ایک احسن اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تکمیل سے علاقے میں صحت عامہ کے مسائل کم ہوں گے ، بدبو اور تعفن سے نجات ملے گی اور کسانوں کو پانی کے متبادل ذرائع میسر آئیں گے ۔علاقہ مکینوں کا مزید کہنا تھا کہ ایسے ترقیاتی منصوبے شہری سہولیات میں بہتری اور پائیدار ترقی کی جانب ایک اہم قدم ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل ہوگا اور کمالیہ کے عوام کو اس کے ثمرات جلد حاصل ہوں گے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں