صنعت زاروں کی اپ گریڈیشن

لاہور (بیورو چیف) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب بھر میں قائم صنعت زاروں کی اپ گریڈیشن کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ اس حوالے سے صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف محکمانہ امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں خواتین کو معاشی طور پر مستحکم بنانے کے ادارے صنعت زار کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے ہدایت کی کہ پنجاب بھر کے تمام صنعت زاروں کی اپ گریڈیشن کے عمل کو تیز کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین کو ہنر مند بنا کر انہیں باعزت روزگار کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔اجلاس کے دوران دھی رانی پروگرام کے رواں سال کے ہدف کی تکمیل پر بھی بریفنگ دی گئی۔ صوبائی وزیر کو معاون آلات اور وہیل چیئرز پروگرام کے تحت ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔سہیل شوکت بٹ نے تمام فلاحی اداروں کے اعداد و شمار کو فوری طور پر اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز کے ویژن کے مطابق محکمہ سوشل ویلفیئر عوامی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ فلاحی اداروں میں مقیم بچوں، بزرگوں اور خواتین کو بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور پنجاب کی تاریخ میں موجودہ حکومت سے قبل سماجی بہبود کے شعبے کو اتنی ترجیح نہیں دی گئی۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ دھی رانی پروگرام کے ذریعے ہزاروں مستحق بیٹیوں کی باوقار رخصتی ممکن ہوئی، جبکہ ہمت کارڈ کے تحت پنجاب کے ایک لاکھ افراد باہم معذوری کو مالی معاونت فراہم کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ پہلی بار افراد باہم معذوری کو ان کی ضرورت کے مطابق معاون آلات بھی فراہم کیے گئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں