ایم ڈی واسا کی ہدایت پر نئی مشینری اور گاڑیاں محکمہ کے فلیٹ میں شامل کردی گئیں

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا کی ہدایت پر نئی مشینری اور گاڑیاں محکمہ کے فلیٹ میں شامل کر دی گئی ہے جبکہ 20نئے ڈی واٹرنگ سیٹس بھی20مارچ تک واسا فیصل آباد پہنچ جائیں گے۔ اس ضمن میں انہوں نے کہا کہ مون سون سے قبل مین ٹرک سیور لائنز، مین چینلز اور روڈ سائیڈ ڈرینز کا فائنل مرحلہ شروع کردیا گیا ہے جو موسم برسات کے آغاز سے قبل مکمل کر لیا جائے گا تاکہ مون سون سیزن میں شہریوں کو نکاسی آب کی معیاری سروسز مہیا کی جا سکیں۔ ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ نئی مشینری میں 2 ڈرمپ ٹرک، 2 کمبائینڈ جیٹر، سکر گاڑیاں اور ڈی سلٹنگ مشینیں شامل ہیں جو نکاسی آب کے آپریشنز میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں اور ان گاڑیوں کی واسا فلیٹ میں شمولیت سے محکمہ واسا کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی اور شہریوں کو ریلیف ملے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو نکاسی آب کی معیاری سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے جس کے لئے مون سون سیزن سے قبل تمام مشینری فعال اور آپریشنل کردی جائے گی جبکہ 20 نئے ڈی واٹرنگ سیٹس بھی آئندہ ماہ فیصل آباد پہنچ جائیں گے جنہیں پونڈنگ پوائنٹس سے پانی کو کلیئر کرنے کے لئے استعمال کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں